رواں مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستانی فضا وٴں میں ایک نئے ٹی وی چینل ”ہیرو ٹی وی “کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ یہ ”ایکسپریس میڈیاگروپ“ کاچینل ہے جس کی ابھی آزمائشی نشریات آرہی ہیں ۔ وہ بھی صرف ان علاقوں میں جہاں کیبل آپریٹرز نے اسے ٹیون کیا ہے ورنہ بیشتر علاقے ابھی اس کے نام سے بھی ناواقف ہیں۔
پہلے سے موجود ڈھیرسارے چینلز کی موجودگی میں یہ ”ہیرو “خود کو کس طرح منفرد رکھ سکے گا یہ تو خیر آنے والا وقت ہی بتائے گا لیکن چینل کی’ ٹیگ لائن‘۔۔”دکھادے سب کچھ“ سے لگ رہا ہے کہ چینل شاید تحقیقاتی صحافت کی بنیاد پر اپنی عمارت کھڑی کرے گا۔تاہم ابھی چینل کی پالیسی غیر واضح ہے ۔
چینل انتظامیہ کی جانب سے بھی پالیسی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جارہا اور مکمل راز داری برتی جارہی ہے ۔ راز داری بھی اس حد تک کہ اس کے پروموز سے بھی کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آتی سوائے اس کے کہ چینل پر خبروں کے ساتھ ساتھ تفریح کابھی عنصر نمایاں ہوگا۔
دراصل اس رازدای کا مقصد ناظرین میں تجسس پیداکرنا اور ریگولر ٹرانسمیشن تک زیادہ سے زیادہ ناظرین کی توجہ حاصل کرنا ہے۔ اسے آپ ”پبلسٹی انسٹنٹ“ یعنی ”تشہیری حربہ“بھی کہہ سکتے ہیں۔
”ہیرو ٹی وی“ سے وابستہ ایک عہدیدار شاہین تقی کا کہنا ہے کہ چینل کی ٹیگ لائن طویل سوچ بچار اور مشوروں کے بعد تخلیق کی گئی ۔’دکھا دے سب کچھ‘ کو اس لئے منتخب کیا گیا کیونکہ اس میں ناظرین کو کچھ دینے کا وعدہ کیا جا رہا ہے۔“
ایک سوال کے جواب میں شاہین تقی مزید کہتے ہیں”ضروری نہیں کہ خبریں بور انداز میں ہی پیش کی جائیں۔ خبریں بھی مزیدار ہو سکتی ہیں اگر غیرمعمولی آئیڈیاز کو مختلف انداز میں پیش کیا جائے تو۔ دیگر چینلز کے برعکس” ہیرو ٹی وی “پر عام لوگوں کی سچی کہانیاں، جرائم اور دلچسپ خبریں پیش کی جائیں گی۔“