دیوار پر ٹیپ سے چپکے کیلے کی قیمت 10 لاکھ ڈالر کیوں؟

  • دیوار پر ڈکٹ ڈیپ سے چپکایا گیا کیلا دراصل اٹلی کے ایک فن کار کا تیار کیا گیا فن پارہ ہے۔
  • بولی کرانے والی کمپنی کے مطابق اس فن پارے میں خریدار کیلے کی قیمت ادا نہیں کرتا بلکہ یہ تو اس آئیڈیا کو استعمال کرنے کے تصدیق نامے کا معاوضہ ہے۔
  • اس فن پارے کے نام کامیڈین ہے اور پہلی مرتبہ 2019 میں آرٹ باسل میامی بیچ فیئر میں اس کی نمائش ہوئی تھی اور یہ موضوعِ بحث بنا رہا تھا۔
  • اس کے پہلے دو ایڈیشن ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک میں فروخت ہو چکے ہیں۔

ویب ڈیسک — امریکہ میں ایک کیلے کی قیمت ایک ڈالر سے بھی کم ہے اور پاکستان میں تو ایک ڈالر کی مالیت میں ایک سے دو درجن تک کیلے خریدے جاسکتے ہیں۔ لیکن امریکہ میں ڈکٹ ٹیپ سے دیوار پر چپکائے گئے کیلے کی قیمت آپ کے خیال میں کیا ہونی چاہیے؟

اس سوال کا جواب اور اس کے پس منظر کی کہانی حیران کُن اور دلچسپ ہے۔

ڈکٹ ٹیپ سے دیوار پر چسپاں کیا گیا کیلا دراصل ایک آرٹ ورک ہے جس کا نام ’کامیڈین‘ ہے جسے اٹلی کے فنکار مریزیو کیٹلان نے بنایا ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں ہفتے نیویارک میں آرٹ کی ایک نمائش میں اس کی قیمت 10 لاکھ ڈالر ہو سکتی ہے۔

پہلی مرتبہ 2019 میں آرٹ باسل میامی بیچ فیئر میں اس کی نمائش ہوئی تھی جس کے بعد یہ موضوعِ بحث رہا تھا۔

اس کے بارے میں کئی لوگوں کا پہلا ردِ عمل تھا کہ شاید یہ کوئی مذاق ہے؟ یا فن کی موجودہ حالت پر کوئی تبصرہ کیا گیا ہے۔ ایک فن کار نے تو دیوار پر چپکا کیلا اتار کر کھالیا تھا۔

’کامیڈین‘ کے گرد سیلفی لینے والے شائقین کی اتنی بھیڑ لگ گئی تھی کہ اسے وہاں سے ہٹانا پڑا تھا۔ تاہم اب تک اس کے تین ایڈیشن ایک لاکھ 20 ڈالر سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک میں فروخت ہو چکے ہیں۔

فن پاروں اور نوادرات کی بولی لگانے والی کمپنی سوتھبائی کے مطابق 20 نومبر کو یہ ’تصوراتی فن پارہ‘ 10 سے 12 لاکھ ڈالر میں نیلام ہونے کی توقع ہے۔

سوتھبائی کے شعبہ آرٹ کے سربراہ ڈیوڈ گیلپرن کا کہنا ہے کہ یہ فن پارہ آج کی فن کی دنیا کے لیے ایک آئینہ ہے اور سوالات پر اکساتا ہے کہ ہم فن کی کتنی قدر کرتے ہیں اور ہم فن پارے کو کس طرح بیان کرتے ہیں۔

دیوار پر لگایا گیا کیلا اصلی ہے اور وقت ساتھ خراب بھی ہوجاتا ہے۔ اس لیے میامی میں جو کیلے فروخت ہوئے تھے وہ نیویارک میں نہیں ہوں گے کیوں کہ انہیں ختم ہوئے تو مدت ہوگئی۔ تو پھر اس فن پارے میں قیمت کس شے کی ہے؟

اس کا جواب دیتے ہوئے گیلپرن کہتے ہیں کہ جب آپ کیٹلان کا فن پارہ ’کامیڈین‘ خریدتے ہیں تو یہ کیلے کی قیمت نہیں ہے بلکہ آپ اس سرٹیفکیشن کی قیمت ادا کرتے ہیں جس میں کیٹلان کی جانب سے ڈکٹ ٹیپ سے کیلا دیوار پر چپکانے کے اس آئیڈیا دکھانے کی باقاعدہ اجازت مل جاتی ہے۔

ان کے بقول اس سرٹیفکیشن کے بعد آپ کی دیوار پر ڈکٹ سے چپکایا گیا کیلا وہ فن پارہ بن جاتا ہے جو مریزیو کیٹلان نے بنایا ہے۔

فنی نقادوں کے مطابق کیٹلان کا یہ فن پارہ صرف سرمایہ داروں کی جانب سے بھاری قیمتیں ادا کرکے فن پارے خریدنے پر طنز نہیں بلکہ اس میں کئی اہم سماجی مسائل پر بھی سوالات پر اکسایا گیا ہے۔

فنی نقاد کوپر جونز کا کہنا ہے کہ عالمی تجارت اور اس کے ذریعے ہونے والے استحصال کو بیان کرنے کے لیے کیلے سے بڑھ کر کوئی اچھی علامت نہیں ہوسکتی۔

ان کے نزدیک ’کامیڈین‘ میں دراصل اس رویے پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں جس میں عام سمجھ لی جانے والی اشیا کی اہمیت کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں شامل تفصیلات خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے لی گئی ہیں۔