ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف بھارت کی فتح نے پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کر دی ہے لیکن گرین شرٹس کو فائنل کھیلنے کے لیے ایک امتحان پاس کرنا ہو گا۔
سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان جمعرات کو میچ ہو گا اور اسی میچ سے فیصلہ ہو گا کہ فائنل میں بھارت کے ساتھ کون سی ٹیم مدِ مقابل ہو گی۔
اس وقت پوائنٹس ٹیم پر بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے اور وہ سپر فور مرحلے میں اپنے دونوں میچ جیت کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ پکی کر چکی ہے۔
بھارت کا سپر فور مرحلے میں آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے ہی دو میچز میں ناکامی کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ اس اعتبار سے دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں ہار جیت سے پوائنٹس ٹیبل پر کوئی زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔
البتہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ میں جیت اور ہار ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو گی جو ٹیم میچ جیتے گی وہ 17 ستمبر کو کولمبو میں بھارت کے خلاف فائنل میں مدِ مقابل ہو گی۔
بارش کی پیش گوئی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جمعرات کو کھیلا جانے والا میچ اگر بارش سے متاثر ہوا تو اس صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا اور فائنل کھیلنے والی ٹیم کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہو گا۔
سری لنکا اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دو پوانٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور اس کا نیٹ رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہے۔
پاکستان کے بھی دو پوائنٹس ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہے لیکن اس کا نیٹ رن ریٹ منفی میں ہے۔
اگر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوا تو پاکستان ٹیم ایونٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی اور بھارت کی ٹیم کے ساتھ سری لنکا فائنل کھیلے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ مکمل ہونے کی صورت میں کامیاب ٹیم ہی ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔
پاکستان کو انجریز مسائل کا سامنا
ایشیا کپ کے انتہائی اہم میچ سے قبل پاکستان ٹیم انجریز مسائل سے دوچار ہے۔
فاسٹ بالر حارث رؤف اور نسیم شاہ کی دستیابی غیر یقینی ہے البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے متبادل کے طور پر محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دہانی کو طلب کر لیا ہے۔
بھارت کے خلاف میچ کے دوران حارث اور نسیم زخمی ہو گئے تھے جن کی کمی سری لنکا کے خلاف میچ میں محسوس کی جا سکتی ہے۔