ہنزہ جھیل سے پانی کا اخراج جاری

ہنزہ جھیل سے پانی کا اخراج جاری

آفات سے نمٹنے کے سرکاری ادارے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی یا این ڈی ایم اے کے چیئرمین ندیم احمد نے وا ئس آف امریکہ کو بتایا ہے وادی ہنزہ میں عطا آباد کے علاقے میں پہاڑی تودے گرنے سے بننے والی مصنوعی جھیل پر بنائے گئے سپل وے سے پانی کا اخراج شروع ہو گیا ہے اور ابتدائی طور پر پانی کا اخراج کم ہے جس میں گذرتے وقت کے ساتھ تیزی آئے گی۔

اُنھوں نے بتایا حکام بدلتی صورت کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور آئندہ 24 سے 36 گھنٹے انتہائی نازک ہیں ۔

سیلابی ریلے کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے نہ صرف نشیبی بلکہ بالائی علاقوں میں رہنے والوں کوبھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کناروں پر نہ آئیں۔ حکام کے مطابق بڑ ی تعداد میں خوراک اور ادویات بھی علاقے میں پہنچا دی گئی ہیں۔

فوج کے شعبہ انجینئرنگ کے حکام پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سپل وے کی تعمیر کے بعد ممکنہ نقصانات کے خطرات کو 50فیصد تک کم کردیا گیا ہے۔

خیا ل رہے کہ 4 جنوری کو عطاآباد میں لینڈ سلائیڈنگ نے دریا ہنزہ کا راستہ روک دیا تھا جس کی وجہ اس علاقے میں ایک مصنوعی جھیل بن گئی اور شاہراہ قراہ قرم کا 22 کلومیڑ حصہ بھی اس میں ڈوب گیا ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے علاقے کا دورہ کرنے کے بعد رواں ہفتے ہنزہ جھیل کے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ان خاندانوں کو لاکھوں روپے کی نقدامدادکے علاوہ خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔