ہری کین ایسایس کی شدت میں اضافہ، ہفتے کو فلوریڈا سے ٹکرانے کا امکان

سینٹوڈومینگو میں سمندری طوفان ایسایس کا ایک منظر، 31 جولائی 2020

امریکہ کے سمندری طوفانوں کی اطلاع سے متعلق قومی مرکز نیشنل ہیری کین سینٹر نے ہفتے کی صبح بتایا کہ سمندری طوفان ایسایس امریکی سر زمین کی جانب بڑھتے ہوئے زور پکڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس وقت یہ طوفان بہامس کے قریب ہے۔

ایسایس شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت طوفانی ہواؤں کی شدت 135 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

ہیری کین سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت طوفان ناساؤ کے جنوب مشرق کے جنوبی حصے سے تقریباً 185 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ہفتے کی رات یا اتوار کے روز فلوریڈا کے جنوب مشرقی ساحل سے ٹکرا جائے گا۔

امریکہ کی جنوبی ریاستوں فلوریڈا اور نارتھ کیرولائنا نے ہری کین سے متعلق انتباہ جاری کر دیا ہے۔

فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹس نے بحرہ اوقیاس کی تقریباً ایک درجن ساحلی کاؤنٹیز میں ایمرجینسی نافذ کر دی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ سمندری طوفان میں شامل شدید بارشیں ہفتے کے روز سے فلوریڈا میں شروع ہو جائیں گی اور اگلے ہفتے کے آغاز میں ان کا دائرہ نارتھ اور ساؤتھ کیرولائنا تک پھیل جائے گا۔

نارتھ کیرولائنا کے گورنر رائے کوپر نے بھی ساحلی اضلاع میں ایمرجینسی نافذ کر دی ہے اور جزیرہ اوراکوک خالی کرنے کا حکم دیا ہے جسے پچھلے سال ہری کین ڈوریئن سے نقصان پہنچا تھا۔

ہری کین کے خطرے کے پیش نظر فلوریڈا کے کئی حصوں میں حکام نے کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے مراکز فوری طور پر ایک ایسے وقت میں بند کر دیے ہیں جب وہاں وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے۔

ادھر بہامس میں عہدے داروں نے لوگوں سے مشرق میں واقع اباکو کا علاقہ خالی کروا لیا ہے، جہاں ہری کین ڈوریئن کے بعد سے لوگ عارضی پناہ گاہوں میں رہ رہے تھے۔

اس سے قبل جب کہ ایسایس ابھی تک پورٹوریکو اور ڈومینیئن ری پبلک میں ہے، وہاں کئی علاقوں میں بجلی چلی گئی ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ڈومینیئن ری پبلک میں بجلی کی تاریں گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پورٹو ریکو کے لیے ایک ایمرجینسی ڈکلریشن پر دستخط کر دیے ہیں، جسے 2017 کے سمندری طوفان ماریا اور گزشتہ برس آنے والے زلزلوں سے نقصان پہنچا تھا۔