واشنگٹن —
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی صورت حال پر مشاورت کے لیے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا خصوصی اجلاس چین کی درخواست پر جمعے کو طلب کر لیا گیا ہے۔
اگست میں سکیورٹی کونسل کی صدارت پولینڈ کے پاس ہے۔ پولینڈ کی سفیر جوانا ورونیکا نے ’وائس آف امریکہ‘ سے گفتگو میں اجلاس طلب کرنے کی تصدیق کی۔
پولینڈ کی سفیر جوانا ورونیکا نے بتایا ہے کہ سکیورٹی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بیجنگ کی درخواست پر ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ سکیورٹی کونسل جمعرات کے روز کام نہیں کرے گی، اس لیے یہ 'مشاورتی میٹنگ' جمعے کو ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق عالمی ادارے کی سکیورٹی کونسل کی میٹنگ کے لیے پاکستان نے بدھ کے روز درخواست دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کونسل 50 سال کے وقفے کے بعد کشمیر کے معاملے کو زیر غور لائے گی۔