پاکستان کی پارلیمنٹ نے فرانس میں پیغمبرِ اسلام کے خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے۔
پیر کو پاکستان کی پارلیمان کے ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں میں فرانس میں پیغمبرِ اسلام کے خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذمتی قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے خاکوں کے خلاف مشترکہ قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ فرانسیسی صدر میکخواں نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ حجاب کے خلاف اقدامات قابلِ مذمت ہیں۔ اسلامی ممالک کی تنظیم 'او آئی سی' سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پیغمبرِ اسلام کے خاکوں کا نوٹس لے کر اقدامات کرے۔
قرارداد میں 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے طور پر منانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
اس سے قبل سینیٹ میں قائدِ ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے مذمتی قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بین الاقوامی برادری ایسے اقدامات روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں یہ قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا فیس بک کے بانی کو خط
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 'اسلام فوبیا' پر مبنی مواد پر پابندی لگائیں۔ پاکستان نے فرانس میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی تشہیر اس کی حمایت پر ملک میں تعینات فرانسیسی سفیر کو بھی دفترِ خارجہ طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔
عمران خان نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلتا ہوا اسلام فوبیا انتہا پسندی اور تشدد کی حوصلہ افزائی کا باعث بن رہا ہے۔
انہوں نے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اسلام فوبیا پر مبنی مواد پر اس طرح پابندی عائد کی جائے جس طرح فیس بک نے ہولو کاسٹ پر عائد کر رکھی ہے۔
فیس بک نے رواں ماہ کہا تھا کہ وہ ہولوکاسٹ سے انکار یا اسے توڑ مروڑ پر پیش کرنے سے متعلق نفرت انگیز بیانات پر پابندی کی پالیسی کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے۔
عمران خان نے اپنے خط میں فرانس کی صورتِ حال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کو فرانس میں دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل عمران خان نے اتوار کو اپنے کئی ٹوئٹس میں کہا تھا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں نے پیغمبرِ اسلام کے کارٹون کی حمایت کر کے اسلام پر حملہ کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ توہین آمیز کارٹونز کی تشہیر کر کے اس اقدام کی حوصلہ افزائی کر کے اسلام اور پیغمبر اسلام پر حملہ کیا گیا ہے۔ اسلام کو سمجھے بغیر فرانسیسی صدر میخواں نے یورپ اور پوری دنیا میں بسنے والے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
دوسری جانب فیس بک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمپنی ہر قسم کی نفرت پر مبنی مواد کے خلاف ہے اور ان کے پلیٹ فارم پر نسلی، ذاتی یا مذہب پر ہونے والے حملوں کی تشہیر کی اجازت نہیں دی جاتی۔
فرانس میں چند روز قبل تاریخ کے استاد سمیوئل پیٹی کا سرِ قلم کیے جانے کے واقعے کے بعد صدر ایمانوئل میخواں نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران استاد کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔ میخواں کا کہنا تھا کہ ان کے ملک میں بنیاد پرست مسلمانوں کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔
سمیوئل پیٹی نے کلاس روم میں آزادیٔ اظہار پر لیکچر کے دوران پیغمبر اسلام کے خاکے بنائے تھے جنہیں ایک 18 سالہ نوجوان نے قتل کر دیا تھا۔ بعد ازاں اس واقعے کے خلاف فرانس میں کئی روز تک بھرپور احتجاج کیا گیا۔
فیس بک کے ترجمان نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو ایک بیان میں کہا ہے کہ "ہم اس نفرت انگیز تقریر سے متعلق معلومات کے بعد اسے اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں اس طرح کے معاملات پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔"
اس معاملے پر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر کے بیان پر مسلمانوں میں غم و غصہ ہے۔ وقت آ گیا ہے اس معاملے پر اجتماعی فیصلہ ہونا چاہیے، اس مسئلے پر مسلم امہ کا کوئی اختلاف نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر کے بیان پر گھر گھر احتجاج کی کیفیت ہو سکتی ہے۔ اسلام فوبیا دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ مہذب ملکوں کو مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے۔
فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ
فرانسیسی صدر کی جانب سے پیغمبرِ اسلام کے خاکوں کی حمایت کرنے پر مسلم دنیا کی جانب سے فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں پیر کو #boycottfrenchproducts اور #فرانس_سے_تعلق_ختم_کرو کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتے رہے اور صارفین نے فرانسیسی صدر کے بیان پر غم و غصے کا اظہار کیا۔
مشرقِ وسطیٰ کے کئی ملک بھی فرانس کی مصنوعات، خاص طور پر کھانے پینے کی اشیا کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ سپر اسٹورز میں فرانس کی مصنوعات پر پردے ڈال کر اُن پر بائیکاٹ کے پیغامات لکھے گئے ہیں یا شیلفس سے فرانس کی مصنوعات ہٹا لی گئی ہیں۔
فرانس نے عرب ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو ختم کریں۔
فرانس کی وزارتِ خارجہ نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ عرب ملکوں کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا کوئی جواز نہیں ہے اور اسے فوری طور پر ختم کر دینا چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بہت تھوڑے سے بنیاد پرست فرانس پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔
اتوار کو فرانسیسی صدر نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ہم کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اُن کے بقول ہم امن کے جذبے کے تحت تمام اختلافات کا احترام کرتے ہیں تاہم نفرت انگیزی کو قبول نہیں کریں گے۔
میخواں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ انسانی وقار اور عالمی اقدار کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور معقول مباحثے کا دفاع کرتے ہیں۔
دوسری جانب ترک صدر رجب طیب ایردوان نے فرانسیسی صدر کو دماغ کا علاج کرانے کا مشورہ دیا ہے۔ ترک صدر کے اس بیان کے بعد فرانس نے احتجاجاً انقرہ سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ کسی ریاست کے سربراہ کے متعلق کیا کہا جائے جسے عقائد کی آزادی کا فہم نہیں اور جو اپنے ہی ملک میں بسنے والے کسی دوسرے مذہب (مسلمانوں) کے لوگوں سے متعلق یہ خیالات رکھتا ہو کہ ان کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے گزشتہ ہفتے پیغمبرِ اسلام کے متنازع خاکوں کے حوالے سے فرانس کے مؤقف کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فرانس ان سے دست بردار نہیں ہو گا۔
فرانسیسی صدر نے کہا تھا کہ اسلام پوری دنیا میں 'بحران کا مذہب' بن گیا ہے اور ان کی حکومت دسمبر میں مذہب اور ریاست کو الگ کرنے والے 1905 کے قوانین کو مزید مضبوط کرے گی۔