متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قومی دن کے موقع پر ایک ایسی فلم ریلیز ہونے جا رہی ہے جس کا عملہ بھارت اور زیادہ تر کاسٹ پاکستانی فن کاروں پر مشتمل ہے۔
فلم 'یارا وے' یو اے ای میں پروڈیوس کی جانے والی پہلی اردو ہندی فلم ہے جسےدبئی میں مقیم پاکستانی نژاد اداکارہ علیزے ناصر نے پروڈیوس کیا ہے اور وہ اس فلم میں بطور ہیروئن بھی شامل ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں پاکستان سے اداکار جاوید شیخ،مرینہ خان، علی سکندر، سمیع خان اور فیضان خواجہ اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جب کہ بھارتی ہدایت کار منیش پاور نےہدایت کاری کے فرائض انجام دیے ہیں۔
فلم کی کہانی 2014 میں ریلیزہونے والی شاہ رخ خان کی بالی وڈ فلم 'ہیپی نیو ایئر' کی لکھاری التھیا کوشل نے تحریر کی ہے۔ جب کہ اس کے مکالمے پاکستان کی صحافی مہوش اعجاز نے لکھے ہیں۔
فلم کو دبئی کی 'بی لائن پروڈکشنز' نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کے ٹریلر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی کہانی ایک آزاد خیال لڑکی کے گرد گھومتی ہے جس کی زندگی میں دو لڑکے آتے ہیں۔ لڑکی کی ان دونوں سے ہی دوستی ہوجاتی ہے لیکن پھر اسے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔
'یارا وے 'متحدہ عرب امارات کے قومی دن دو دسمبر کو پاکستان، برطانیہ، یو اے ای سمیت کئی ملکوں میں ریلیز کی جائے گی۔
پاکستانی اداکاروں کو کیا فائدہ ہوگا؟
'یارا وے' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پاکستانی اداکار سمیع خان کا کہنا ہے کہ اس فلم نے پاکستان اور بھارت کے ٹیلنٹ کو اکٹھا کام کرنے کا موقع دیا ہے جس کے ذریعے ان دونوں ممالک کے فن کاروں کے لیے مزید راہیں کھلیں گی۔
سمیع خان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "اس فلم کا متحدہ عرب امارات کے قومی دن ریلیزہونا خوش قسمت ثابت ہوسکتا ہے۔
ان کے بقول "میری خوش قسمتی ہے کہ جس سال میں نے ہالی وڈ فلم 'دی ونڈو' میں کام کیا، اسی سال 'یارا وے ' جیسی انٹرنیشنل فلم بھی ریلیز ہورہی ہے۔ دبئی ، تھائی لینڈ ، برما اور جارجیا کی خوب صورت لوکیشن میں شوٹ کے دوران انٹرنیشنل عملے کے ساتھ کام کرکے اندازہ ہوا کہ ہمارے ہاں کہاں کمی بیشی ہے۔"
اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'یارا وے' فلم کےذریعے ہم پاکستانی اور بھارتی فلموں کے ساتھ ساتھ امارات میں بننے والی ہند ی اردو فلموں کو بھی دنیا سے متعارف کرارہے ہیں۔
ساتھی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے سمیع خان نے بتایا کہ ان کی پہلی فلم کے پروڈیوسر راشد خواجہ تھے جب کہ 18 سال بعد وہ ان کے بیٹے فیضان کے ساتھ اسکرین شیئر کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علیزے کے ساتھ یہ ان کا پہلا پراجیکٹ ہے لیکن ان کے ساتھ کام کر کے ایسا نہیں محسوس ہوا کہ وہ اس فلم کے ذریعے ڈیبیو کررہی ہیں۔
لوگوں کو نیوٹرل پلیٹ فارم دینے کی ایک کوشش کی ہے: علیزے ناصر
'یارا وے' میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد اداکارہ علیزے ناصر اس سے قبل ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ تھیں۔ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ایجنڈے کو آگے پہنچانے کے لیے فلم بناتے ہیں لیکن انہوں نے یہ فلم پاکستان اور بھارت کے فلم سازوں کو قریب لانے کے لیے بنائی۔
ان کے بقول "دبئی میرا گھر ہے یہاں میں پیدا ہوئی اور پلی بڑھی، یہاں میں بے خوف و خطر آزادی سے گھوم پھر سکتی ہوں۔ اس فلم کے ذریعے میں پاکستان اور بھارت کے لوگوں کو اس دبئی سے روشناس کرانا چاہتی ہوں جسے وہ اپنا دوسرا گھر کہتے ہیں۔ اگر یہاں آکر پاکستانی اور بھارتی افراد ایک ہوکر رہ سکتے ہیں تو ہم نے سوچا کہ کیوں نہ انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم دیں جہاں وہ مل کر کام کریں اور اپنے ہنر کو بغیر کسی روک ٹوک کے پیش کریں۔"
علیزے ناصر کا کہنا تھا کہ دبئی پاکستان اور بھارت کے فلم سازوں کے لیے ایک نیوٹرل پلے گراؤنڈ فراہم کرتا ہے اور اسی وجہ سے ہم نے یہاں پروکشن ہاؤس قائم کیا۔ تاکہ ایک جیسا سوچنے والے لوگ باآسانی یہاں آکر فلم بنائیں جسے دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے۔
'خواہش تھی کہ میری لکھی ہوئی فلم بھارت میں ریلیز ہو، لیکن ایسا نہیں ہوا'
دبئی میں مقیم پاکستانی صحافی اور فلمی نقاد مہوش اعجاز نے فلم 'یارا وے' کے مکالمے لکھے ہیں۔انہوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ ہمیشہ سے ہی کہانیاں سنانا چاہتی تھیں۔
ان کے بقول "میں ہمیشہ سے کہانی نویس بننا چاہتی تھی اور کہانیاں سناناچاہتی تھی۔مجھے خوشی ہے کہ یہ فلم اس سرزمین (یو اے ای) کے قومی دن پر ریلیز ہورہی ہے جس نے پاکستان اور بھارت کے فلم سازوں کو ایک ساتھ کام کرنے کا موقع دیا۔"
SEE ALSO: 'چل میرا پت ٹو' سمیت بھارتی پنجابی فلموں کی پاکستان میں ریلیز: کیا فن کاروں کو فائدہ ہوگا؟انہوں نے بتایا کہ اس فلم کی اسکرپٹ میں ان کے ساتھ ساتھ التھیا ، علی سکندر، اور ہدایت کار منیش کا اِن پٹ بھی شامل ہے۔
مہوش اعجاز کا کہنا ہے کہ انہیں اس فلم کا خیال اوڑی اور پلوامہ کے واقعات سے پہلے آیا تھا اور ہماری کوشش تھی کہ اس میں پاکستا ن اور بھارت دونوں کے اداکار کام کریں۔ لیکن حالات نے ایسا نہیں کرنے دیا۔اس فلم میں دونوں ممالک کے لوگوں کا ہاتھ ہے اور انہیں خوشی ہوتی اگر یہ فلم دنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی ریلیز ہوتی ۔
علیزےناصر سکے مطابق 'یارا وے ' ایک فیملی فلم ہے جسے دیکھ کر بوڑھے، جوان اور بچے سب کو مزہ آئے گا۔ اس کی موسیقی دل کو چھو لینے والی ہے جب کہ کہیں کہیں یہ ان پرانی فلموں کی بھی یاد دلائے گی جس نے پاکستان فلم انڈسٹری کو عروج پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔