اندور ٹیسٹ: آسٹریلوی بالرز کی تباہ کن بالنگ کے سامنے بھارتی ٹیم 109 رنز پر ڈھیر

اندور ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 109 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کوہنمن سب سے زیادہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں بدھ کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن آسٹریلوی بالرز نے اپنی تباہ کن بالنگ کی بدولت میزبان ٹیم کے بیٹنگ کے فیصلے کو غلط ثابت کیا۔

بھارت کے پانچ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ جاسکے اور وراٹ کوہلی سب سے زیادہ 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پہلی اننگز کے آغاز پر 27 کے مجموعی اسکور پر بھارت کو اس وقت پہلے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جب کپتان روہت شرما کوہنمن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔

شبمن گل 21، وراٹ کوہلی 22، سریکار بھارت 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ اگزر پٹیل نے 12 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے بائیں ہاتھ سے بالنگ کرنے والے میتھیو پال کوہنمن نے 35 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیتھن لیون تین اور ٹوڈی مارفی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ چار میچز پر مشتمل سیریز میں میزبان بھارت کو 0-2 کی برتری حاصل ہے اور سیریز میں واپس رہنے کے لیے آسٹریلیا کو میچ میں کامیابی درکار ہے۔