برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست: بھارت نے سیریز 1-2 سے جیت لی

رشبھ پانٹ نے ناقابلِ شکست 89 رنز کی اننگز کھیل کر 'مین آف دی میچ' کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

بھارت نے آسٹریلیا کو برسبین میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

میچ کے آخری روز بھارت کو جیت کے لیے 324 رنز جب کہ آسٹریلیا کو 10 وکٹیں درکار تھیں۔ تاہم بھارتی بلے بازوں نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔

پانچویں دن کھیل کے آغاز پر اوپنر روہت شرما 18 کے مجموعی اسکور پر سات رنز بنا کر پیٹ کمنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم شبمان گل اور پچارا نے لمبی شراکت داری قائم کرتے ہوئے بھارت کے اسکور کو 132 رنز تک پہنچا دیا۔

شبمان گل 91 رنز کی شان دار اننگز کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان اجنکیا ریہانے اور پچارا نے بھارت کا مجموعی اسکور 167 رنز تک پہنچایا تو ریہانے 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اسی طرح 228 رنز کے مجموعی اسکور پر پچارا بھی 56 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ایسا دکھائی دینے لگا کہ شاید یہ ٹیسٹ میچ ڈرا ہو جائے گا۔ تاہم بھارت کے وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پانت کے ارادے کچھ اور ہی تھے۔ اُنہوں نے دیگر بلے بازوں کے ساتھ شان دار شراکت داری قائم کرتے ہوئے بھارت کی تاریخی کامیابی کی اُمیدیں روشن کر دیں۔

بھارت نے برسبین ٹیسٹ میں تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

پانت نے ناقابل شکست 89 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔

بھارت نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ برسبین ٹیسٹ میں فتح کے بعد بھارت نے سیریز بھی دو ایک سے اپنے نام کر لی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو شرمناک شکست سے دوچار کیا تھا۔ دوسری اننگز میں بھارت کی پوری ٹیم 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس پر اسے جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

لیکن بھارتی ٹیم نے شان دار کم بیک کرتے ہوئے میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دی جب کہ وہ سڈنی ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔

سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کر کے بھارت کی ٹیم ٹیسٹ میچز کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ گئی ہے جب کہ آسٹریلوی ٹیم شکست کے بعد تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز میں دو صفر سے کامیابی کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔