بھارتی وزیر دفاع اے کے اینتھونی نے کہا ہے کہ اُن کا ملک اپنی دفاعی صلاحیت کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے کیوں کہ ہمسایہ ملک اس کی سلامتی کے لیے ایک چیلنج ہیں۔
بدھ کو بنگلور میں ایئر شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اُنھوں نے کہا کہ حکومت نے بھارتی افواج کو تیزی کے ساتھ جدید ہتھیاروں اور جنگی سازوسامان سے لیس کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔
وزیر دفاع اینتھونی نے بتایا کہ بھارت آئندہ سال مارچ کے مہینے سے قبل جدید لڑاکا طیارے اور دیگر اسلحہ حاصل کرنے کے سلسلے میں 10 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ 2012ء سے 2022ء کے درمیان بھارت جدید دفاعی سازوسامان کی خریداری پر 80 ارب ڈالر خرچ کرے گا۔
پانچ روزہ بنگلور ایئر شو میں امریکہ اور روس سمیت مختلف ملکوں سے تین سو سے زائد اسلحہ ساز کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔