وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہےکہ آئندہ ماہ اسلام آباد میں جب دونوں ملکوں کے سکریٹری داخلہ کی ملاقات ہوگی، تو توقع ہے کہ ویزا قوانین میں نرمی سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
اُنھوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ قریبی رشتے چاہتا ہے اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے تمام تصفیہ طلب امور کو رفتہ رفتہ حل کرنے کا خواہش مند ہے۔
ایس ایم کرشنا نے یہ بات صدر ِپاکستان، آصف علی زرداری کے آٹھ اپریل کے ایک روزہ دورہ بھارت پر لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہی۔
اُنھوں نے کہا کہ صدر زرداری اورر وزیر اعظم من موہن سنگھ نے ملاقات کے دوران محسوس کیا کہ عوام سےعوام کے درمیان رابطے کے معاملات کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔
اِس سلسلےمیں اُنھوں نے فیصلہ کیا کہ دونوں ملکوں کے سکریٹری داخلہ جب آئندہ ماہ اسلام آباد میں ملاقات کریں گے تو آسان ویزا سے متعلق معاہدے پر، جس پر اتفاق ہوچکا ہے، دستخط کریں گے۔
بھارت اور پاکستان کے داخلہ سکریٹریوں کے مابین ملاقات دسمبر سے ہی زیرِ التویٰ ہے۔ توقع ہے کہ مئی کے اواخر میں اُن کی ملاقات اسلام آباد میں ہوگی۔
ایس ایم کرشنا نے مزید کہا کہ وزیر اعظم من موہن سنگھ اور صدر آصف زرداری نے دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے اور بھارت پاک تعلقات کو بہتر بنانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔