ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ ہفتے کی صبح کرناٹک کے مینگلور شہر میں بھیانک حادثے کا شکار ہوگیا جِس میں 158مسافر ہلاک ہوگئے، جب کہ آٹھ معجزاتی طور پر زندہ بچ گئے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس طیارہ جِس میں کُل 166مسافر سوار تھے دبئی سے مینگلور پہنچا، اور صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے طیارہ لینڈنگ کے وقت رن وے پر اچانک حادثے کا شکار ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، لینڈنگ کے مرحلے تک سب کچھ ٹھیک تھا، لیکن اچانک طیارہ پھسل کر اچھل پڑا اور اُس کے دو ٹکڑے ہوگئے۔ طیارے کے دو حصے ہوتے ہی بعض مسافر ا طیارے سے باہر جا گِرے۔
دیکھتے ہی دیکھتے، طیارے میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے باعث مسافرطیارے سے باہر نہ نکل سکے اور زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لینڈنگ کے وقت طیارے کا ٹائر پھٹ گیا جو کہ اِس بھا نک حادثے کا سبب بنا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے تین گھنٹوں تک جدجہد کرنی پڑی۔ بچاؤ اور امدادی کاموں کے سلسلے میں سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کی خدمات حاصل کی گئیں۔
آخری اطلاعات آنے تک 127لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ بد قسمت طیارے میں 19بچے بھی سوار تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسافروں کی اکثریت کا تعلق کِرالہ سے تھا۔ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دےدیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دو دن سے مینگلور میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور موسم کی خرابی کے سبب بھی اندیشہ ہے کہ طیارے کی لینڈنگ میں دشواری پیش آئے ہوگی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لینڈنگ کے وقت طیارے کا ٹائر پھٹ گیا، جو اِس بھیانک حادثے کا سبب بنا