بھارت نےجمعےکونیوکلیئر صلاحیت رکھنے والے ’پرتھوی’میزائل کا تجربہ کیا ۔ یہ تجربہ اُڑیسہ میں چاندی پورمیں واقع تجرباتی رینج میں کیا گیا۔
بھارتی محکمہٴ دفاع کے ذرائع نے بتایا ہے کہ لانچ کامپلیکس تھری کے موبائل لانچرسےصبح چھ بج کر 50منٹ پر پرتھوی میزائل کو داغا گیا، اور ذرائع کے بقول، وہ کامیابی سےنشانے پرجا لگا۔
اعلان کے مطابق، فوج کے اعلیٰ عہدے داروں اور دفاعی سائنس دانوں کی موجودگی میں یہ تجربہ کیا گیا جو اِس میزائل کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا ہے جسے ‘یوزر ٹرائل’ کہا جاتا ہے۔
یہ میزائل 350کلومیٹر کے فاصلے پر نشانے پر وار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 500کلوگرام روایتی اور نیوکلیئر ہتھیار لے جا سکتا ہے۔
زمین سے زمین پر وار کرنے کی صلاحیت والا یہ میزائل مسلح افواج میں پہلے ہی شامل کیا جاچکا ہے۔ پرتھوی میزائل بھارت کے انٹیگریٹڈ گائیڈیڈ پروگرام کے تحت تیار کردہ پہلا بیلاسٹک میزائل ہے۔ اِس کی لمبائی نو میٹر اور چوڑائی ایک میٹر ہے۔ پرتھوی کا آخری تجربہ رواں سال 27مارچ کو کیا گیا تھا۔