بھارت: پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر وزارت خارجہ طلب، سرحدی فائرنگ پر احتجاج

بھارت نے منگل کے روز نئی دہلی میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر سید حیدر کو وزارت خارجہ طلب کر کے بھارتی کشمیر میں پونچھ کے علاقے میں پاکستان کی جانب سے فائربندی کی مبینہ بلا اشتعال خلاف ورزی میں تین بچوں کی ہلاکت پر احتجاج کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو یہ پیغام دیا ہے کہ عام شہریوں کو اس طرح دیدہ دانستہ نشانہ بنانا قابل قبول نہیں ہے اور یہ چیز انسانی ہمددردی کے اصولوں اور طرز عمل کے منافی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستانی فورسز کی جانب سے مسلسل بالاشتعال فائرنگ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں سن 2003 کی فائربندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کے دائرے میں آتی ہیں۔

بھارتی بیان میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ موجودہ سال 2017 کے دوران پاکستانی فورسز کی جانب سے اب تک 503 مرتبہ اس طرح کی سرحدی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں۔

پیر کے روز پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی اسی نوعیت کی مبینہ خلاف ورزیوں پر وزارت خارجہ طلب کیا تھا۔