بھارت کے دارالحکومت نیودہلی میں چلنے والی مسافر ٹرین کےنظام کو، دنیا بھر میں ریلوے کے اس پہلے نیٹ ورک کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے جسے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج پر اقوام متحدہ سے کاربن کریڈٹ ملیں گے۔ نئی دہلی ا ور اس کے مضافات میں چلنے والی ریل گاڑیوں کے اس نظام سے روزانہ لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ نئی دہلی کا تیزرفتار ریلوے کے نظام نے انسانی صحت اور ماحول میں آلودگی پھیلانے کا باعث بننے والی کاربن گیسوں کےاخراج میں سالانہ چھ لاکھ30 ہزارٹن کمی کرنے میں مدد دی ہے۔
اس کمی کی وجہ گاڑی میں استعمال کی گئی ان بریکوں کا استعمال ہے، جن سے بجلی پیدا ہوتی ہے اور ان بریکوں کے باعث توانائی میں تقریباً 30 فی صد بچت ہورہی ہے۔
ایک کروڑ 40 لاکھ کی آبادی کے شہر دہلی کا میٹرو سسٹم 2002ء میں شروع کیا گیاتھا۔ میٹرو ٹرین کا کچھ حصہ زیر زمین ہے اور شہر کے انتہائی گنجان کچھ علاقوں میں اس کے لیے پٹریاں بلندی پر بچھائی گئی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق روزنہ 20 لاکھ افراد آمدروفت کے لیے میٹرو ٹرین کا استعمال کرتے ہیں۔
نیودہلی کے ٹرین سسٹم کو ملنے والے کاربن کریڈٹس کے بدلے میں اسے اگلے سات برسوں تک سالانہ 95 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
دنیا بھر میں صرف چند پبلک ٹرانسپورٹ سسٹمز ہی کاربن کریڈٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔ اور نئی دہلی کا میٹرو سسٹم، دنیا بھر میں وہ پہلا ریلوے نیٹ ورک ہے جسے اس کریڈٹ کا حق دار سمجھا گیا ہے۔
نئی دہلی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انوائرمنٹ کے ایک عہدے دارانومیتا رائے چوہدری نے اسے گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج محدود کرنے کی عالمی کوششوں میں ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا ہے۔
ان کا کہناہے کہ یہ ایک اہم پیغام اور بہتری کی جانب ایک اہم قدم کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ صرف میٹرو کی کارکردگی جانچنے کی بات نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق مستقبل کے ان شہروں سے ہے جہاں دن بدن گاڑیوں کا استعمال بڑھ رہاہے اور جب تک ہم اپنے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں نمایاں بہتری نہیں لائیں گے، عالمی حدت کے خلاف جنگ دشوار ہوتی جائے گی۔
ماحولیات کے ماہرین بھارت کے بڑے شہروں کی ان سڑکوں پر جہاں گاڑیوں کا اژدھا ہوتا ہے،ایک عرصے سے اپنی توجہ ٹرانسپورٹ سے کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ نئی دہلی میں میٹرو نظام کے قیام سے روزانہ تقریباً 90 ہزاروں کاروں اور گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے سے روکنے میں مدد مل رہی ہے۔
نئی دہلی میٹرو نے اقوام متحدہ کی اس سکیم کے تحت کاربن کریڈٹس جیتے ہیں ، جن کامقصد ترقی پذیر ممالک میں کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے مالی مراعات دینا ہے۔