تباہ شدہ سیٹلائٹ کے ٹکڑے 45 دن میں جل کر ختم ہو جائیں گے: بھارت

بھارت کا بیلسٹک میزائل سٹلائٹ تباہ کرنے کیلئے خلا کی جانب روانہ ہو رہا ہے

بھارت کے دفاعی تحقیق و ترقی کے ادارے کے سربراہ ساتھیسٹ ریڈی کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے خلا میں تباہ کیے گئے سیٹلائٹ کے ٹکڑے 45 دن کے اندر جل کر ختم ہو جائیں گے۔

بھارت نے بدھ کے روز دعویٰ کیا تھا کہ اُس نے ملک کے اندر تیار کردہ بیلسٹک میزائل کے ذریعے زمین سے 300 کلومیٹر دور مدار میں ایک سیٹلائٹ کو تباہ کر دیا ہے اور یوں وہ یہ صلاحیت حاصل کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے۔

بھارت کے اس اعلان کے بعد امریکہ سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ایسے اقدام سے تباہ شدہ سیٹلائٹ کے ٹکڑے دیگر سیٹلائٹس سے ٹکرا کر نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اس سے پہلے یہ ٹیکنالوجی صرف امریکہ، روس اور چین کو حاصل تھی۔ اس اقدام پر تنقید کرنے والے دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مزید ممالک کی طرف سے ایسی ٹکنالوجی کے حصول سے خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہونے کا خدشہ ہے اور خلا میں تباہ شدہ چیزوں کے ٹکڑے سالہا سال تک گردش کرتے رہنے کے باعث مشکلات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

ریڈی کہتے ہیں کہ اس تجربے کیلئے جان بوجھ کر کم بلندی پر واقع سیٹلائٹ کو ہدف بنایا گیا تاکہ اُس کے ٹکڑے خلا میں رہ جانے کے خطرے کو کم سے کم رکھا جا سکے۔

اُنہوں نے نیوز ایجنسی رائٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹکڑے اس وقت گردش کر رہے ہیں اور ہم اُن کی مقدار کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تاہم، اُنہوں نے خیال ظاہر کیا کہ یہ ٹکڑے 45 دن کے اندر ہی جل کر ختم ہو جائیں گے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ 300 کلومیٹر کی بلندی پر کم ہی سیٹلائٹس موجود ہوتے ہیں اور کسی حادثے کی صورت میں اُس کے ٹکڑے خلا میں جل کر واپس زمین پر گر سکتے ہیں۔ یوں اس بات کا امکان کم ہے کہ کم بلندی پر واقع ایسے سیٹلائٹ کے ٹکڑے دیگر سیٹلائٹس کیلئے خطرہ بن سکیں۔

’سکیور ورلڈ فاؤنڈیشن‘ کے مطابق، چین نے 2007 میں پولر مدار میں ایک سیٹلائٹ کو تباہ کیا تھا جس سے خلائی تاریخ میں ٹکڑوں کا سب سے بڑا غبار پیدا ہوا تھا۔

بھارت نے صرف 300 کلومیٹر کی بلندی پر سیٹلائٹ کو ہدف بنایا جب کہ چین کا ہدف اس سے کہیں اوپر 800 کلومیٹر بلندی پر موجود سیٹلائٹ تھا۔ یوں اس کے 300 ٹکڑے خلا میں گردش کرتے رہے اور ان میں سے کچھ اب بھی خلا میں موجود ہیں۔

امریکہ کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شیناہین نے فلوریڈا میں امریکی سدرن کمان کا دورہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جو بھی ملک خلا میں سیٹلائٹ تباہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ خلا میں کوڑا پھیلانے کے مرتکب ہوں گے۔

پینٹاگون کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل ڈیو ایسٹ برن کے مطابق، امریکہ کی اسٹریٹجک ملٹری کمان نے پتہ لگایا ہے کہ بھارت کی اس کارروائی کے نتیجے میں سیٹلائٹ کے 250 ٹکڑے پیدا ہوئے ہیں اور وہ اُن پر گہری نظر رکھ رہا ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی بیلسٹک میزائل سے تباہ کئے جانے والے سیٹلائٹ کا وزن 750 کلوگرام تھا اور اسے بھارت کے خلائی تحقیق کے ادارے نے 24 جنوری کو تجرباتی طور پر فضا میں بھیجا تھا۔