بھارت کی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے دل کے عارضے میں مبتلا ایک پاکستانی بچی کو بھارت کا ویزہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سات سالہ ماہا شعیب کی والدہ نے ٹوئٹر کے ذریعے بھارتی وزیرِ خارجہ سے اس معاملے میں تعاون کی درخواست کی تھی۔
ان کے ٹوئٹ کے جواب میں بدھ کی صبح سشما سوراج نے ایک ٹوئٹ میں بچی کی والدہ ندا شعیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں بھارت کا ویزہ جاری کیا جا رہا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں بھارتی وزیرِ خارجہ نے بچی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
ماہا شعیب کے دل کا آپریشن ہونا ہے جس کے لیے اس کے والدین نے گزشتہ ماہ بھارتی ویزے کے حصول کے لیے درخواست دی تھی۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات گزشتہ ایک سال سے انتہائی تناؤ کا شکار ہیں اور دو طرفہ اعلیٰ سطحی رابطے تقریباً معطل ہیں۔
اس صورتحال میں علاج کی نسبتاً سستی اور بہتر سہولتوں کے لیے بھارت جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جولائی میں سشما سوراج نے کہا تھا کہ علاج کے لیے بھارت آنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو اس وقت کے پاکستانی مشیرِ خارجہ سرتاج عزیز سے خصوصی خط درکار ہوگا جس کا حصول بذاتِ خود ایک مشکل مرحلہ تھا۔
تاہم گزشتہ ماہ بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر بھارتی وزیرخارجہ نے اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک ان تمام پاکستانیوں کو طبی بنیادوں پر ویزے جاری کردے گا جنہوں نے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں۔
گزشتہ ماہ کے اواخر میں ہی ایک نو مولود پاکستانی بچے روحان کو بھی دل کی تکلیف کے علاج کے لیے بھارتی ویزہ جاری کیا گیا تھا۔