بھارت نے ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 257 رنز شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز 2-0 سے جیت لی ہے۔
سبینا پارک میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 468 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ تیسرے روز کے صبح کے سیشن میں ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں نے اچھے کھیل کا مظاہر ہ کیا جس سے امید پیدا ہو گئی کہ اگر ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ مشکل ہدف حاصل نہ بھی کر پائی تو مقابلہ بھرپور انداز میں کرے گی۔
تاہم کھانے کے وقفے کے بعد کے پہلے گھنٹے میں صورت حال تبدیل ہو گئی اور بھارت کے تیز بالر جسپریت بمرہ نے بلیک ووڈ کو 38 رنز پر وکٹ کیپر پانٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 210 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اس میچ مین ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت پہلی اننگ میں 416 رنز بنا کر آؤٹ ہوا جس میں وہاری نے شاندار سنچری بنائی جب کہ کپتان کوہلی نے 76، ایشانت شرما نے 57 اور اوپنر اگروال نے 55 رنز کی اننگ کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے کپتان ہولڈر نے 5 اور کارن وال نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ روچ اور بریتھ ویٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو پیویلین کی راہ دکھائی۔
بھارت کے 416 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ بری طرح ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کو اس قدر کم سکور پر آؤٹ کرنے کا سہرا تیز بالر جسپریت بمرہ کے سر رہا جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے 27 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد شامی نے 2 اور ایشانت شرما اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت نے دوسری اننگ کا آغاز 299 رنز کی سبقت سے کیا اور 4 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کر دی اور یوں جیت کے لئے ویسٹ انڈیز کو تقریباً ناممکن 468 رنز کا ہدف دے ڈالا۔
بھارت کی اس اننگ میں چار کھلاڑی 57 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ کپتان کوہلی بھی اس اننگ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم اجیت راہانے اور وہاری نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 111 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنا دیا۔
رہانے 64 اور وہاری 53 کے انفرادی سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے روچ نے 28 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوں ویسٹ انڈیز کو یہ میچ جیتنے کے لئے 468 رنزکا ہدف ملا اور اگر وہ یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی تو وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی کرکٹ کی تاریخ کی تیسری ٹیم بن جاتی۔
اگرچہ ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگ میں پہلی اننگ کے مقابلے میں بہتر بیٹنگ کا مظاہر کیا لیکن ویسٹ انڈیز کی مزاہمت زیادہ دیر تک جاری نہ رہ سکی اور پوری ٹیم 210 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو کر پیولین لوٹ گئی۔ یوں بھارت نے یہ ٹیسٹ 257 کے مارجن سے جیت لیا۔
بھارت نے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 318 رنز سے شکست دی تھی۔ یوں ویسٹ انڈیز میں جاری تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز بھارت 2-0 سے اپنے نام کر چکا ہے۔
اس ٹیسٹ میں فتح کے بعد کوہلی بھارت کے سب سے زیادہ ٹیسٹ جیتنے والے کپتان بن گئے ہیں۔ کپتان کی حیثیت سے یہ ان کی 28 ویں جیت تھی۔ اس سے پہلے سب سے زیادہ ٹیسٹ جیتنے والے کپتان ایم ایس دھونی تھے جن کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 27 ٹیسٹ جیتے تھے۔