|
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ دو ہفتوں سے شدید گرمی پڑ رہی ہے لیکن بدھ کو شہری اس وقت حیران رہ گئے جب محکمۂ موسمیات نے درجہ حرارت تقریباً 53 ڈگری تک پہنچنے کے بارے میں بتایا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بدھ کی دوپہر نئی دہلی میں ریکارڈ کیا جانے والا درجۂ حرارت 52.9 ڈگری تھا جو کہ اب تک ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجۂ حرارت ہے۔
بھارت کے شمال اور مغربی علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور حکام نے ہیٹ ویوو کا انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر تجویز کی ہیں۔
شدید گرمی میں تعلیمی اداروں میں بچوں کے بے ہوش ہونے یا ان کی حالت خراب ہونے کی رپورٹس بھی موصول ہوئی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے بدھ کو بتایا کہ نئی دہلی کے علاقے منگیش پور میں درجۂ حرارت 52.9 ریکارڈ کیا گیا جہاں شدید گرمی کے سبب دکانیں بند رہیں جب کہ گلیاں بھی سنسان نظر آئیں۔
نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں گرمی کی حالیہ لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاتا رہا ہے۔
بھارت کے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ وہ منگیش پور سے گرمی کے سامنے آنے والے اعداد و شمار اور وہاں نصب سینسرز کا جائزہ لے رہا ہے کیوں کہ اس علاقے میں دیگر مقامات کے مقابلے میں زیادہ گرمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
بھارت سمیت ایشیا کے کئی ممالک شدید گرم موسم کی لپیٹ میں ہیں۔ موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کا یہ رجحان انسانی عوامل کے سبب مزید بدتر ہوتا جا رہا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
بھارت کی وسطی ریاست راجستھان میں گرمی کی شدید لہر میں پارا 50 ڈگری سے اوپر جا رہا ہے جہاں دو ماہ میں گرمی کے سبب چار اموات ہو چکی ہیں جب کہ ہیٹ اسٹروک کے سینکڑوں کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
بھارتی شہر بنگلورو کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس سے وابستہ پروفیسر غفران بیگ کے مطابق موسم میں غیر معمولی تبدیلیاں آ رہی ہیں جب کہ ہوا میں نمی کی کمی کی وجہ سے گرمی کی شدید لہر کا سامنا ہے۔
ان کے بقول ہوا میں نمی کی کمی کی وجہ سے کئی علاقوں میں درجۂ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔
'دہلی میں رہنا مشکل ہو گیا ہے'
نئی دہلی کے ایک رہائشی آکاش نرمل نے ’رائٹرز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "جب ہم گھروں سے نکلتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی ہمارے چہرے پر تھپڑ مار رہا ہے۔"
ان کے بقول اب دہلی میں رہنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
اسکول کی طالبہ نیدھی کہتی ہیں دہلی میں اس قدر گرمی ہے کہ اب طلبہ بے ہوش ہو رہے ہیں۔ بعض گرمی میں بیمار ہو چکے ہیں یا انہیں ڈی ہائیڈریشن کا سامنا ہے۔
نئی دہلی کی طرح ریاست بہار میں بھی گرمی کے سبب اسکولوں میں بچوں کے بے ہوش ہونے کی رپورٹس موصول ہوئی تھیں جس کے بعد ریاستی حکومت نے آٹھ جون تک اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
دہلی کے بعض علاقوں میں بدھ کی شام اور رات کو ہلکی بارش کی بھی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے بھارت کے شمال مغربی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی کی توقع ہے۔
دوسری جانب دہلی کو پانی کی شدید کمی کا بھی سامنا ہے۔ ضلعی حکومت نے پانی کے بے جا استعمال پر دو ہزار روپے جرمانہ مقرر کر دیا ہے۔
دوسری جانب بھارت کی شمال مغربی ریاستوں کو طوفان ریمل کا سامنا ہے۔ اس طوفان سے ریاست میزورام میں 27 اموات ہو چکی ہیں جب کہ ریاست آسام اور مغربی بنگال میں بھی تباہی ہوئی ہے۔
اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔