بھارتی کرکٹرز نے آسٹریلیا کے ساتھ جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں اپنے فوجی نوجوانوں سے اظہار یکجہتی اور وطن سے محبت کےاظہار کا منفرد انداز اپنایا۔ تمام کھلاڑیوں نے فوجی نواجوں کے طرز کی ٹوپیاں پہن کرمیچ کھیلا۔
کالے اور زیتون سے ملتے جلتے رنگوں کی ٹوپی، جس پر بی سی سی آئی کا لوگو لگا تھا کھیل کے دوران پہننے کا آئیڈیا سابق بھارتی کپتان اور ٹیم میں شامل کھلاڑی مہیندا سنگھ دھونی نے پیش کیا تھا۔
دھونی بھارتی فوج کے اعزازی لیفٹیننٹ کرنل بھی ہیں۔
مخصوص ٹوپی پہننے سے متعلق اپنے ایک بیان میں موجودہ بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے پس ماندگان سے یکجہتی کے اظہار کے لئے ٹیم ے کھلاڑیوں نے فوجی طرز کی ٹوپیاں پہنیں ہیں۔
ویراٹ کوہلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی اپنی میچ فیس میں سے قومی دفاعی فنڈ میں عطیہ دیں گے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کی جا سکے۔ کوہلی نے باقی ہم وطنوں سے بھی عطیہ دینے کی اپیل کی۔
اس کا مقصد فوجی اہل کاروں پر حملے اور اس میں ہونے والے بھاری جانی نقصان پر اظہار افسوس کرنا اور کھیل میں وطن پرستی کے جذبے کو غیر معمولی انداز میں نمایاں کرنا تھا۔
بھارت نے فوجی اہل کاروں پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔ اور اس کے بعد بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو کر جیش محمد کے ایک مبینہ کیمپ میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کا دعویٰ بھی کیا تھا، جسے پاکستان نے جھوٹ قرار دیا۔
اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے جواب میں ایک کارروائی کے دوران پاکستان نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے۔ ان واقعات کے بعد سرحدوں کی دونوں جانب شدید کشیدگی پھیل گئی اور دونوں جوہری ممالک میں جنگ چھڑ جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
خبررساں ادارے ’رائٹرز کے مطابق بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا نے حالیہ دنوں میں آئی سی سی سے پاکستان کے خلاف کھیلوں کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا، جسے مسترد کر دیا گیا۔ یوں پاکستان کو کرکٹ کی دنیا میں تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں رائیگاں گئیں۔
بھارت کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے کہ برطانیہ میں جون میں شروع ہونے والے عالمی کپ کرکٹ کے دوران بھارت، پاکستان میچز کا بائیکاٹ کیا جائے۔