رواں برس 100 کروڑ کلب کا حصہ بننے والی بھارتی فلمیں

فائل فوٹو

کرونا وائرس کی وجہ سے بھارتی فلم انڈسٹری کو خاصا نقصان پہنچا تھا اور سن 2022 سنیما کو دوبارہ پروان چڑھانے کے لیے اہم سال ثابت ہوا۔

اس سال فلم بینوں کو سنیما گھر لانے کے لیے کافی فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں سے چند باکس آفس پر فلاپ ہوئیں جب کہ کئی نے ریکارڈ توڑ کمائی کی۔

سال کے آغاز میں فلم 'آر آر آر' نے باکس آفس پر شان دار کمائی کی جب کہ اس فلم نے ہالی وڈ کے معتبر ایوارڈ 'گولڈن گلوب' کے لیے بھی نامزدگی حاصل کی۔

ایسی ہی دیگر فلموں کے بارے میں جانتے ہیں جو رواں برس 100 کروڑ سے زائد کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں شامل ہوئیں۔

1۔ دریشم ٹو

اجے دیوگن کی سپر ہٹ فلم 'دریشم' کے سیکوئل کا ان کے چاہنے والوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔

رواں سال نومبر میں دریشم کا سیکوئل آیا جس نے باکس آفس پر شان دار بزنس کیا۔

فلم کے کاروبار کا جائزہ کرنے والے تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق 'دریشم ٹو' اب تک 298 کروڑ بھارتی روپے کا کاروبار کر چکی ہے جب کہ سنیما گھروں میں اب بھی اس فلم کی نمائش جاری ہے۔

2۔ بھول بھلیاں ٹو

مشہور بالی وڈ فلم 'بھول بھلیاں' کا سیکوئل 'بھول بھلیاں ٹو' بھی پہلے پارٹ کی طرح ہی ہٹ ہوا۔

کارتک آریان، کیارا اڈوانی اور تبو کی فلم 'بھول بھلیاں ٹو' مئی میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم سن 2022 کی کامیاب ترین فلم سمجھی جاتی ہے۔

بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق 'بھول بھلیاں ٹو' نے ایک ماہ میں 260 کروڑ سے زائد بھارتی روپے کمائے تھے۔

3۔ براہماستر، پارٹ ون: شیوا

بالی وڈ اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم 'براہماستر' نو ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔

فلم کی ہدایات ایان مکھرجی نے دی تھیں جب کہ اسے کرن جوہر کی 'دھرما پروڈکشنز' کے بینر تلے ریلیز کیا گیا تھا۔

فلم نے اوپننگ ویک پر دنیا بھر سے 225 کروڑ بھارتی روپے کا کاروبار کیا تھا۔

4۔ گنگو بائی کاٹھیاواڑی

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم 'گنگو بائی کاٹھیاواڑی' رواں سال فروری میں سنیما گھروں کی زینت بنی۔

اس فلم میں اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ اجے دیوگن نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

فلم نے باکس آفس پر 125 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

5۔ دی کشمیر فائلز

رواں برس مارچ میں فلم 'دی کشمیر فائلز' ریلیز ہوئی جس کی کہانی 80 کی دہائی میں کشمیر میں ہندو پنڈتوں کی مبینہ ٹارگٹ کلنگ اور نقل مکانی کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کی ہدایات وویک اگنی ہوتری نے دی تھیں جس میں اداکار انوپم کھیر سمیت دیگر نے اداکاری کی۔

یہ فلم بھی سال 2022 کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے جس نے باکس آفس پر 200 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔

6۔ آر آر آر

فلم 'آر آر آر' کو حال ہی میں بالی وڈ کے معتبر ایوارڈز 'گولڈن گلوب' میں دو کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

'آر آر آر' بالی وڈ کی سب سے زیادہ زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے ایک ہے جس نے دنیا بھر سے 1100 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں۔

فلم 'آر آر آر' 25 مارچ 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔

فلم میں اداکار رام چرن، جے آر این ٹی آر، عالیہ بھٹ، اجے دیوگن سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

7۔ کے جی ایف ٹو

ایکشن اور ڈرامہ فلم کے جی ایف کے چیپٹر ٹو نے باکس آفس پر شان دار بزنس کیا۔

اس فلم میں اداکار سنجے دت اور روینہ ٹنڈن سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

'کے جی ایف ٹو' نے دنیا بھر سے تقریباً 1200 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

8۔وکرم

ایکشن اور سنسنی خیز تامل فلم وکرم رواں برس جون میں ریلیز ہوئی جس کی ہدایات لوکیش کناگراج نے دی تھیں۔

اس فلم نے دنیا بھر سے تقریباً 300 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔ 'وکرم' میں اداکار کمال حسن، فہد فاصل سمیت دیگر نے اداکاری کی تھی۔

9۔کنتارا

ساؤتھ انڈین فلم 'کنتارا' کی ہدایات رشبھ شیٹی نے دی تھیں جب کہ یہ 30 ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنی۔

فلم کے کاروبار کا جائزہ کرنے والے تجزیہ کار ترن آدرش کے مطابق کنڑ زبان کی اس فلم نے دنیا بھر سے 400 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں۔