لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک پر صارفین اکثر اپنی منفرد ویڈیوز کی وجہ سے اتنی خوب مقبولیت حاصل کرتے ہیں کہ دنیا میں ان کی ایک الگ پہچان بن جاتی ہے۔
گزشتہ برس مشرقی افریقہ کے ملک تنزانیہ کے ایک ٹک ٹاکر کی ویڈیوز خوب وائرل ہوئی تھیں۔ ان کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سسکتا ہے کہ وہ بالی وڈ گانوں پر کمال مہارت سے لپ سنک کرتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ یہ گانا وہ خود ہی گا رہے ہیں۔
بالی وڈ فلم 'شیر شاہ' کے گانے 'راتاں لمبیاں لمبیاں' پر ان کا ٹک ٹاک خوب وائرل ہوا تھا جس کے بعد وہ کئی معروف بالی وڈ گانوں پر لپ سنکنگ اور ڈانس کرتے دکھائی دیے۔
ٹک ٹاکر کلی پال اپنی بہن نیما پال کے ساتھ مختلف بالی وڈ گانوں پر لپ سنک کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر ڈانس بھی کرتے ہیں۔
ٹک ٹاکر کلی پال کو بھارت میں بے حد پسند کیا جاتا ہے اور انہیں انسٹاگرام پر بالی وڈ کے مقبول اداکار ایوشمان کھرانہ، اداکارہ رچا چڈا اور گُل پناگ سمیت کئی بالی وڈ شخصیات نے فالو کر رکھا ہے۔
کلی پال کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ حال ہی میں انہیں تنزانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن نے اعزاز سے نوازا ہے۔
کلی پال نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منگل کو ایک پوسٹ شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ " تنزانیہ میں بھارت کے ہائی کمشنر کی جانب سے اعزاز حاصل کرنے پر بے حد خوش ہوں۔"
انہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر میرے بھارتی مداح مجھے سپورٹ نہ کرتے تو میں آج یہاں نہیں ہوتا۔
تنزانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر بینایا پرادھان نے بھی اپنے آفیشل ٹوئٹر سے کلی پال کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آج تنزانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن میں ایک خاص مہمان آئے ہیں۔
بینایا پرادھان نے کہا کہ تنزانیہ کے معروف آرٹسٹ کلی پال نے بالی وڈ کے گانوں پر لپ سنکنگ کر کے بھارت میں لاکھوں لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
کلی پال کون ہیں؟
کلی پال کے انسٹاگرام بائیو کے مطابق وہ ایک کونٹینٹ کریئٹر (تخلیق کار) اور ڈانسر ہیں۔ ان کے انسٹاگرام پر 23 لاکھ کے قریب فالوورز ہیں۔
تنزانیہ کے ٹک ٹاکر نا صرف انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں بلکہ ان کا ایک یوٹیوب چینل بھی ہے جہاں وہ اپنے ٹک ٹاک اپ لوڈ کرتے ہیں۔