بھارت، سمندری طوفان کی زد میں آنے والی کشتی سے 26 لاشیں برآمد، 49 افراد لاپتا

سمندری طوفان کی پچیس فٹ بلند لہریں گیٹ وے آف انڈیا سے ٹکرا رہی ہیں۔ مئی 18, 2021.

بھارتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی بحریہ نے سمندری طوفان کی زد میں آکر ساحل پر پہنچنے والی ایک کشتی سے 26 لاشیں برآمد کی ہیں۔

بھارتی بحریہ کے ترجمان مے مہل کارنک کا کہنا ہے کہ 49 لاپتا افراد کی تلاش اب تک جاری ہے۔

کارنک کا کہنا تھا کہ تین بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر لاپتا افراد کی تلاش کر رہے ہیں اور ابھی تک 126 افراد کو بازیاب کیا جا چکا ہے۔ سمندر میں آنے والا طوفان اتنا شدید تھا کہ اس کی لہریں 25 فٹ تک بلند تھیں۔

امریکی خبر رساں ادارے، ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، گزشتہ دو عشروں کے دوران ، خطے میں آنے والے سب سے طاقتور سمندری طوفان،'تاؤتے‘ کی رفتار 210 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جب وہ پیر کے روز ریاست گجرات اور ریاست مہاراشٹرا سے آ ٹکرایا تھا۔ اس طوفان سے 50 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

بھارتی بحریہ کے کموڈور، الوک آنند کا کہنا ہے کہ موسم میں اب بہتری آنے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

بچ جانے والے ایک شخص نے نئی دہلی کے ایک ٹیلی وژن نیوز چینل کو بتایا کہ اس نے لائف جیکٹ پہن کر سمندر میں چھلانگ لگا دی اور پھر بحریہ نے اسے بچا لیا

ممبئی حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک دوسری کاروائی میں، بحریہ کے ایک ہیلی کاپٹر نے "گیل کنسٹرکٹر" نامی ایک دوسری کشتی کے عملے کے 35 افراد کو بچایا۔

یہ دونوں کشتیاں بھارت کی تیل اور گیس کی سب سے بڑی کمپنی، آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن کیلئے کام کر رہی تھیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ دونوں کشتیوں پر ان کے عملے کے افراد سوار تھے جو سمندری طوفان کی زد میں آ گئے۔

اخبار دی ہندو نے خبر دی ہے کہ گجرات میں ٹکرانے والے طوفان سے 1600 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

ہمسایہ ملک نیپال میں، جہاں سینکڑوں کوہ پیما اور گائیڈ، مختلف چوٹیاں سر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکام نےکوہ پیماؤں کو بلندی سے نیچے اترنے کی ہدایات جاری کی ہیں کیونکہ طوفان اپنے ساتھ شدید موسم بھی لیکر آ سکتا ہے جس سے کوہ پیمائی میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

نیپال میں،سن 2014 میں آنے والےسمندری طوفان کی وجہ سے برفانی طوفان آئے تھے، جس سے نیپال کی چوٹیاں سر کرنے والے 43 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔