امریکی ریاست ورجینیا میں ایک وفاقی گرینڈ جیوری نے ملازم سے جبری مشقت کرانے کے مقدمے میں بھارتی نژاد جوڑے پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
سات نکاتی فردجرم میں بھارتی جوڑے پر ایک شخص سے جبری مشقت، مالی فائدے کے لیے کسی غیرملکی کو ویزا ختم ہونے کے بعد چھپا کر رکھنا، دھوکہ دہی اور دستاویز کی غلامی کے مرتکب ہونے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
واشنگٹن میں محکمۂ انصاف نے فرد جرم کا اعلان کرتے ہوئے جبری مشقت کے شکار شخص کا نام ظاہر نہیں کیا۔ تاہم بھارتی میڈیا نے متاثرہ آدمی کو جوڑے کا رشتہ دار بتا یا ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق مارچ 2018 اور مئی 2021 کے درمیان 30 سالہ ہرمن پریت سنگھ اور 42 سالہ کلبیر کور نے مبینہ طور پر متاثرہ شخص کو اپنے اسٹور پر مزدوری کرنے اور خدمات فراہم کرنے پر مجبور کیا تھا۔
متاثرہ شخص کو جن کاموں کے لیے مجبور کیا گیا تھا ان میں کیشیئر کے طور پر کام کرنا، کھانا تیار کرنا، صفائی کا کام کرنا اور اسٹور کے ریکارڈ کا انتظام کرنا شامل تھا۔
SEE ALSO: امریکہ: بہو سے جبری مشقت کے جرم میں تین پاکستانی افراد کو قید کی سزافرد جرم میں الزام لگایا گیا ہے کہ مدعا علیہان نے متاثرہ شخص پر جبر کے متعدد طریقے استعمال کیے جن میں اس کی امیگریشن دستاویزات کو ضبط کرنا، جسمانی زیادتی، طاقت کے استعمال کی دھمکیاں، دیگر سنگین نقصانات کا نشانہ بنانا، بعض اوقات حالات زندگی کو خراب کرنا اور اسے کم سے کم تنخواہ کے لیے گھنٹوں کام کرنے پر مجبور کرنا شامل ہیں۔
جوڑے پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے مالی فائدے کے لیے متاثرہ شخص کو اس کے ویزا کی میعاد ختم ہونے کے بعد پناہ دی اور دیوالیہ پن سے متعلق فراڈ کے جرائم کا ارتکاب کیا۔
قانون کے تحت جبری مشقت کے الزام میں زیادہ سے زیادہ 20 سال قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر تک کے جرمانے کے علاوہ لازمی معاوضہ کی ادائیگی یا تلافی شامل ہیں۔ سزا کا تعین وفاقی ضلعی عدالت کا جج کرے گا۔