امریکی ریاست میری لینڈ میں بین المذاہب افطار

امریکی ریاست میری لینڈ میں بین المذاہب افطار

امریکہ میں دنیا کے بہت سے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمان آباد ہیں۔ ماہ رمضان میں مل کر روزہ افطار کرنا ان کے لیے نہ صرف امریکہ کی مسلمان کمیونٹی کو مضبوط کرنے بلکہ یہاں دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ بھی اپنے تعلقات بہتر بنانے کا ایک اہم موقع ہوتا ہے۔اور اسی لیے ماہ رمضان کے دوران امریکہ میں مساجد اور کمیونٹی سنٹرز میں بین المذاہب افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کے مسلمانوں کی طرف سے مقامی مذہبی اور سیاسی راہنماوں کے لیے دی گئی اس افطار میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں غیر مسلم کمیونٹی نے بھی شرکت کی ۔

حسن جلیسی میری لینڈ مسلم کونسل کے صدر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ مختلف مذاہب کے لوگوں کے سامنے اسلام کو پیش کریں۔ یہ ہماری دعوت کا ایک طریقہ بھی ہے اور اس سے میڈیا میں مسلمانوں کے لیے پایا جانے والا منفی پرو پیگنڈہ میں بھی کمی ہوتی ہے۔ ہم نے اپنے افطارپر عیسائی، یہودی اور دوسرے مذاہب کے لوگوں کو بھی مدعو کیا ہے۔

فرینک ریڈ ایک مقامی چرچ کے پادری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ا س ملک کی خوبی ہے کہ یہاں نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلم بھی رمضان المبارک کی برکتوں سے فیض یاب ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتنا اچھا ہے کہ مسلمان اور عیسائی اور دوسرے لوگ مل کر دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔

اس موقع پر مقامی سیاسی راہنماوں نے مسلمان کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور رمضان کے مہینے کو امریکی مسلمانوں کےلیے سیاسی طور پر متحرک ہونے کا ایک موزوں وقت قرار دیا۔

جبکہ یہاں بڑی تعداد میں شرکت کرنے والے مقامی مسلمانوں نے بھی مسلم کونسل کی ان کوششوں کو سراہا ۔

گیارہ ستمبر 2001ء کے واقعات کو دس سال ہونے والے ہیں۔۔کئی امریکی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اسلام سے متعلق خدشات دور کرنے کی راہ اب بھی بہت طویل ہے لیکن ماہ رمضان میں دیگر امریکیوں کے ساتھ مل کر افطار کرنے اور انہیں ا معاشرے میں اپنے مثبت کردار کے بار ے میں بتانے سے اس راہ کو آسان بنانے میں مدد ضرور مل سکتی ہے۔