شمال مغربی ایران میں فوجی پریڈ کے دوران بم دھماکے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ دھماکا بدھ کی صبح ماہ آباد شہر میں ہوا اور زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جو پریڈ دیکھ رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق بم ایک تھیلے میں چھپایا گیا تھا۔
ان دنوں آٹھ سالہ ایران عراق جنگ کے آغاز کی تیسویں برسی کے سلسلے میں ملک بھر میں فوجی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
صوبائی گورنر واحد جلال زادے نے خبر رساں ادارے اِرنا سے بات چیت کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے حملے کی ذمہ داری انقلاب مخالف حلقوں پر عائد کی۔
مغربی ایران میں کرد شہریوں کی خاصی تعداد آباد ہے اور حالیہ برسوں میں یہاں ایرانی سکیورٹی فورسز اور کرد باغیوں کے درمیان ہلاکت خیر جھڑپوں کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔