ایران نے کہاہے کہ اس کی بحریہ کے دو جہاز نہر سوئیز سے گذریں گے۔
جمعرات کے روز ایرانی پریس ٹیلی ویژن نے نیوی کے ایک عہدے دار کے حوالے سے، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، کہاہے کہ مصری حکام کو نہر سوئیز سے ان کی بحریہ کے جہازوں کے گذرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
اس سے قبل نہر سوئیز کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ اس بحری راستے سے جمعرات کے روز کوئی ایرانی جہاز نہیں گذرے گا۔
نہر کی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار احمد المانخلی نے کہا کہ انہیں نہر سے ایرانی بحریہ کے جہاز گذرنے کے سلسلے میں ایران سے کوئی درخواست نہیں ملی ۔
جب کہ دوسرے عہدےداروں کا کہناتھا کہ جمعرات کو نہر سوئیز سے دو بحری جہازوں کے، جن میں سے ایک فریگیٹ اور دوسرا مال بردار جہاز تھا، گذرنے کا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے۔
اسرائیل کے وزیر خارجہ لائبر مین نے بدھ کو کہا تھا کہ وہ بحری جہاز نہر سوئیز کے راستے سے بحیرہ روم اور شام سے ہوتے ہوئے گذریں گے۔ یروشلم کا دورہ کرنے والی ایک یہودی تنظیم کے عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسے ایک اشتعال انگیز اور کئی برسوں سے نہ ہونے والا واقعہ قرار دیا۔