ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ان کا ملک جلد ہی اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے ’’بڑی کامیابی‘‘ کا اعلان کرے گا۔
یہ بات انھوں نے ملک میں اسلامی انقلاب کی تینتیسویں سالگرہ کے موقع پر نکالی گئی ایک بڑی ریلی سے تہران میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
احمدی نژاد نے اس بات کی مزید وضاحت نہیں کی تاہم انھوں نے اپنے متنازع جوہری پروگرام پر مغربی قوتوں سے بات چیت کے لیے ایران کی رضامندی کا اعادہ بھی کیا۔
امریکہ اور مغربی قوتوں کو خدشہ ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کی آڑ میں ایٹمی ہتھیار تیار کررہا ہے جب کہ تہران کا اصرار ہے کہ اس کا پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
حالیہ ہفتوں میں امریکہ اور یورپی یونین نے ایران کو جوہری پروگرام سے باز رکھنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی ہیں جن میں اس کے مرکزی بینک کے اثاثے منجمد کرنے سمیت تیل کی برآمدات پر تعزیرات بھی شامل ہیں۔