ایران نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے افژودہ یورنیم کے فیول راڈ ایک جوہری ری ایکٹر میں داخل کیے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق بدھ کو تہران کے قریب فیول راڈز صدر محمود احمدی نژاد نے جوہری ری ایکٹر میں داخل کیے۔
ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی تقریب میں بتایا گیا کہ ’’صدر نے 20 فیصد افژودہ راڈز تہران ری ایکٹر میں داخل کیے۔۔۔ یہ ایرانی سائنسدانوں کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘
گزشتہ ہفتے ایرانی صدر نے اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک جلد ہی اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے ’’بڑی کامیابی‘‘ کا اعلان کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے اپنے متنازع جوہری پروگرام پر مغربی قوتوں سے بات چیت پر رضا مندی کا اعادہ بھی کیا تھا۔
امریکہ اور مغربی قوتوں کو خدشہ ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کی آڑ میں ایٹمی ہتھیار تیار کر رہا ہے جب کہ تہران کا کہنا ہے کہ اس کا پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
امریکہ اور یورپی یونین نے ایران کو اپنے جوہری پروگرام سے باز رکھنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔