ایران کے حزب اختلاف کے ایک راہنما مہدی کروبی کے بیٹے نے کہاہے کہ ایرانی عہدے داروں نے انہیں اپنے والد سے گھرپر ملنے کی اجازت دے دی ہے جہاں انہیں ایک مہینے سےنظر بند رکھا جارہاہے۔
محمد کروبی نے اس تازہ ترین پیش رفت کی اطلاع حزب اختلاف کی ویب سائٹ پر دی ہے۔
ایرانی حکام نے کروبی اور حزب اختلاف کے راہنما میر حسین موسوی کو فروری میں اپنے گھروں میں نظر بند کردیا تھا۔ سابق صدارتی امیدواروں نے مشرق وسطیٰ میں حکومت مخالف مظاہرین کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لیے ایران میں مظاہروں کے انعقاد کی اپیل کی تھی۔
تہران نے مظاہروں پر پابندی لگاتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو حکم دیا تھا کہ وہ مظاہرین کو منشتر کردیں۔
حزب اختلاف کی ان دونوں شخصیات نے 2009ء میں صدر احمد نژاد کے دوبارہ منتخب ہونے کے خلاف حکومت مخالف مظاہروں کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے حکومت پرانتخابات میں دھاندلی کرنے کا الزام لگایا تھا۔