ایرانی بحریہ میں شامل کی جانے والی چار نئی آبدوزیں ملک کے اندر ہی تیار کی گئی ہیں اور وہ تقریباً 120 ٹن وزنی ہیں۔
ایرانی بحریہ نےملک میں تیار کی جانے والی چار نئی آب دوزوں کی نمائش کی ہے جوتہران کی اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی کوششوں کا ایک حصہ ہیں۔
ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ غذیر قسم کی نئی میجٹ آبدوزیں خلیج فارس ، جسے خلیج عرب بھی کہا جاتا ہے، کم گہرے پانیوں میں کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ریڈار پر ان کا کھوج لگانا دشوار ہے۔
ایران کے وزیر دفاع احمد واحدی اور بحریہ کے سربراہ حزب اللہ سیاری نے آبدوزوں کو بحریہ کے حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کی۔
ایرانی بحریہ کے پاس اب غذیر قسم کی 11 آبدوزیں ہیں اور ان میں سے ہر ایک تقریباً 120 ٹن وزنی ہے۔