امریکہ سے درآمدات نہ کی جائیں، آیت اللہ خامنہ ای

آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران پر سے بین الاقوامی پابندیاں اٹھنے کے بعد امریکہ سے مصنوعات کی درآمد سے ہر ممکن پرہیز کریں۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ سے مصنوعات کی درآمد کے معاملے میں احتیاط کا مظاہرہ کرے۔

رہبرِ اعلیٰ کی ویب سائٹ نے اتوار کو ان کا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران پر سے بین الاقوامی پابندیاں اٹھنے کےبعد غیر قانونی درآمدات پر نظر رکھیں اور امریکہ سے مصنوعات کی درآمد سے ہر ممکن پرہیز کریں۔

رواں سال کی پہلی ششماہی میں امریکہ سے ایران درآمد کی جانے والی مصنوعات کی مالیت 14 کروڑ ڈالر رہی تھی جو گزشتہ سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 60 فی صد زیادہ ہے۔

ایران زیادہ تر امریکہ سے طبی آلات، خوراک اور بیج درآمد کرتا ہے۔

لیکن ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ طے پانے کے بعد سے ایران کے سخت گیر حلقے اس بارے میں خاصی تشویش کااظہار کر رہے ہیں کہ ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیاں اٹھنے کے بعد مغربی ملکوں سے درآمدات میں اضافہ ہوسکتا ہے جس کے ایران کی معیشت اور معاشرے پر منفی اثرات پڑیں گے۔

آیت اللہ خامنہ ای کے اس انتباہ کے بعد اطلاعات ہیں کہ ایران کی وزارتِ صنعت و تجارت امریکہ سے "غیر ضروری" مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کرنے والی ہے۔

ایرانی حکومت کے وزیر برائے صنعت و تجارت محمد رضا نعمت زادے نے سرکاری ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رہبرِ اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق امریکی مصنوعات کی درآمدپر پابندیاں عائد کریں گے۔