پاسداران انقلاب کے ایک اعلیٰ کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران اس کے قبضے میں موجود امریکہ کا جاسوس طیارہ واپس نہیں کرے گا۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن پر اتوار کو نشر ہونے والے بیان میں پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ حسین سلامی نے امریکی ڈرون کے جانب سے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ’’جارحانہ اقدام‘‘ قرار دیا اور ’’اس سے بڑے‘‘ ردعمل کی دھمکی دی۔ تاہم اُنھوں نے ایران کے ممکنہ اقدامات کے بارے میں کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے جمعرات کو ایک ویڈیو نشر کی تھی جس میں ایرانی فوج کے حکام اُن کے بقول آر کیو170- سنٹینل ڈرون کا معائنہ کرتے دیکھائی دیے۔ یہ ایران کی جانب سے بغیر پائلٹ والا جاسوس طیارہ قبضے میں لینے کا پہلا ثبوت تھا۔
ایران کے سرکاری ریڈیو کا کہنا ہے کہ جاسوس طیارے کی نشان دہی افغان سرحد سے 225 کلومیٹر دور مشرقی قصبے کشمر پر ہوئی تھی۔ امریکی حکام نے بھی ڈرون لاپتا ہونے کی تصدیق کی ہے۔