ایرانی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے بغیر پائلٹ کے ایک امریکی جاسوس طیارے کو مار گرایا ہے، جو مبینہ طور پر ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔
ایرانی فوج کے عہدے داروں کے حوالےسے دی گئی خبر میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون طیارہ مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا، جو اِس وقت ایرانی فوجی قبضے میں ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی فوج نے اِس امریکی ڈرون طیارے کو ملک کے مشرق میں مار گرایا، تاہم رپورٹوں میں یہ نہیں کہا گیا کہ یہ واقعہ کہاں واقع ہوا۔
نیٹو کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے مغربی افغانستان میں معائنہ مشن کے دوران پرواز کرتے ہوئے بغیر پائلٹ کا ایک طیارہ لاپتا ہوگیا تھا۔ اتحاد نے اتوار کے روزکہا ہے کہ ایران کی طرف سے بتایا جانے والا وہی لاپتا ڈرون طیارہ ہو سکتا ہے، کیونکہ نیٹو کے عہدے دار اِس بارے میں مزید معلومات اکٹھی نہیں کر پائے۔
جولائی میں ایران کے سرکاری میڈیا نے ایک ایرانی قانون ساز کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ایران نے فردا کے جوہری مقام کے قریب ایک امریکی جاسوس طیارہ مار گرایا ہے۔ بعد ازاں، ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اپنی ہی رپورٹ کی تردید کی تھی۔