عراق کے دارالحکومت بغداد میں شیعہ مسلک کی ایک مسجد کے باہر خودکش بم دھماکے میں کم از کم 19 افراد ہلاک جب کہ 28 زخمی ہو گئے۔
عہدیداروں کے مطابق اتوار کو حملہ آور مسجد کے داخلی دروازے پر پہنچا اور وہاں موجود لوگوں کے درمیان خود کو دھماکا خیز مواد سے اُڑا دیا۔
حالیہ ہفتوں میں بغداد میں بم دھماکوں میں ایک مرتبہ پھر تیزی آئی ہے، ان میں سے بیشتر بم دھماکوں کی ذمہ داری سنی شدت پسند تنظیم ’دولت اسلامیہ‘ نے قبول کی ہے۔
اُدھر ملک کے شمالی حصہ میں عراقی فورسز نے بائیجی شہر پر دوبارہ کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی ہے، یہ شہر دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے حصار میں ہے۔
دریں اثناء آسٹریلیا نے کہا ہے کہ اُس کا عراق کے ساتھ ایک معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا کی اسپیشل فورسز کے 200 اہلکاروں کو دولت اسلامیہ کے خلاف مقامی فورسز کی مدد کے لیے عراق میں تعینات کیا جا سکے گا۔