عراقی عہدے داروں نے کہاہے کہ دارالحکومت بغداد اور ملک کے جنوبی علاقے میں ہونے والے بم حملوں میں کم ازکم 72 افراد ہلاک اور 130 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
جنوبی شہر نصیریہ میں جمعرات کو زائرین کو ہدف بنا کر کیے جانے والے بم حملے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔
اس سے قبل بغداد کے شمالی مضافاتی علاقے صدر سٹی میں دو بم دھماکوں میں 12 افراد مارے گئے۔
بغداد کے شمال میں واقع ایک اور شیعہ آبادی کاظمیہ میں دو کار بم دھماکوں نے 15 افراد کی جان لے لی۔
پہلا دھماکا شہر کے شمالی علاقے صدر سٹی میں ہوا جہاں ایک موٹر سائیکل میں بارودی مواد نصب کر کے اس کو کام کی تلاش میں کھڑے مزدوروں کے مجمے کے قریب چھوڑ دیا گیا تھا۔
اس واقعہ کے کچھ ہی دیر بعد سڑک کنارے نصب کردہ بم کا دھماکا بھی ہوا، اور دونوں دھماکوں میں مجموعی طور پر 12 افراد مارے گئے۔
عراقی دارالحکومت میں دو ہفتے قبل بھی سلسلہ وار بم دھماکوں میں کم از کم 69 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ واقعات ایک ایسے وقت ہوئے ہیں جب ملک میں سیاسی تناؤ پایا جا رہا ہے اور امریکی افواج کا انخلاء بھی مکمل ہو چکا ہے۔