عراقی کرد راہنما کا خودمختاری کا مطالبہ

کرد علاقے کے صدر مسعود بارزانی ترک وزیر خارجہ کے ساتھ اربیل میں

عراقی کرد علاقے کے صدر نے ایک کانفرنس میں ، جس میں وزیر اعظم نوری المالکی اور دیگر اعلی عہدے دار شریک تھے، کردوں کی خود مختاری کا معاملہ اٹھایا۔

مسعود بارزانی نے اپنی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اجلاس میں کہا کہ کردوں کو شمال میں اپنے نیم خود اختیار علاقے میں خود مختاری کا حق حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اربیل میں ہفتے کو شروع ہونے والی کانفرنس میں یہ مسئلہ اٹھائیں گے۔ کانفرنس ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے کہا ہے کہ مسٹر بارانی کی جانب سے پارٹی کے اجلاس میں پہلی بار باضابطہ طورپر یہ پیش کرتے ہوئے اس پر کانفرنس کے دوران رائے شماری کرانےکے لیے کہا۔

ان کا یہ اعلان کثیرنسلی اور تیل سے مالامال علاقے کے شہر کرکوک میں ریفرنڈم کی ایک اپیل کے بعد سامنے آیا ہے۔

مسٹر بارزانی کے یہ تبصرے ایک ایسے وقت میں منظر عام پر آئے ہیں جب وزیر اعظم نوری المالکی ایک نئی حکومت بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسٹر مالکی نے بھی ہفتے کے روز اس کانفرنس سے خطاب کیااور انہوں نے کہا کہ نئی حکومت اس ماہ کے آخر تک قائم ہوسکتی ہے۔