اسرائیل کی فوج نے غزہ کی سرحد کے قریب فائرنگ کر کے چار فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
اسرائیل کی دفاعی فورس نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ غزہ سے اسرائیل کی طرف بڑھنے والے چار مسلح افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا ہے جن کے پاس بھاری تعداد میں رائفلز اور دستی بم تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افراد میں سے ایک اسرائیل کی حدود کے اندر داخل ہوا جس کے جواب میں فوجی اہلکاروں نے انہیں نشانہ بنایا۔
اسرائیل کی فوج نے ایک اور ٹوئٹ میں مارے جانے والے مسلح افراد کے قبضے سے برآمد مبینہ اسلحے کی تصاویر بھی شیئر کیں اور کہا کہ " عسکریت پسندوں کو گزشتہ رات ہلاک کیا گیا جن کا مقصد اسرائیلیوں کو قتل کرنا تھا۔"
دوسری جانب فلسطینی حکام اور غزہ میں مسلح تنظیموں کی جانب سے اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں فلسطینی مسلح تنظیم 'حماس' کا 2007 سے کنٹرول ہے اور اس عرصے کے دوران اسرائیلی فوج اور حماس کے مابین متعدد جھڑپیں ہو چکی ہیں۔