اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں دو اہداف پر حملے کیے ہیں۔ یہ حملہ فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے اسرائیلی علاقے پر دو راکٹ داغے جانے کے بعد کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے کہاہے کہ ہفتے کی صبح یہ حملے غزہ شہر کے نزدیک حماس کے ایک فوجی مرکز پر کیا گیا۔ تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ فضائی حملہ جمعے کے روز اسرائیلی شہر اشدود پر راکٹ فائر کرنے کے جواب میں کیا گیا ہے اور یہ کہ فوج اسرائیلی شہریوں کے خلاف ہر جارحیت کا جواب دے گی۔
فلسطینی علاقے میں گذشتہ ہفتے اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسندوں کے درمیان گذشتہ ہفتے ایک دوسرے پر فائرنگ کے بعد حملوں کا سلسلہ بڑھ گیا ہے۔ تاہم جمعے کے روز غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیلی شہر پرراکٹ حملہ گذشتہ اتوار کے فائربندی کے بعد پہلا ایسا واقعہ تھا۔