چھریوں کے وار میں ملوث دو فلسطینی پولیس فائرنگ سے ہلاک

یروشلم

یہ حملہ معروف سیاحتی مقام جافا گیٹ کے باہر ہوا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ پرانے شہر کی سیاحت کے لئے آتے ہیں

اسرائیلی پولیس نے تشدد کی تازہ ترین لہر کے دوران قدیمی شہر یروشلم کے باہر اسرائیلی شہریوں پر چھریوں کے وار کرنے والے دو فلسطینیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کو ہونے والے اس حملے میں تین اسرائیلی سخت زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ دوسرا ممکنہ طور پر حملہ آور کو قابو میں لانے کی کوشش کے دوران پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوا۔

یہ حملہ معروف سیاحتی مقام جافا گیٹ کے باہر ہوا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ پرانے شہر کی سیاحت کے لئے آتے ہیں۔

پولیس نے دونوں حملہ آوروں کی شناخت نوعمر فلسطینی کے طور پر کی ہے جو مغربی کنارے کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔

بدھ کو اسرائیل کی خفیہ ایجنسی نے دہشت گرد گروپ حماس سے تعلق کے شبہے میں 25 فلسطینوں کو گرفتار کیا، جو اسرائیل کے خلاف بمباری اور خود کش حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ انھوں نے مغربی کنارے میں حماس کی دہشت گردی کے وسیع نیٹ ورک کو پکڑا ہے، جو غزہ کی پٹی کی ہدایت پر کام کر رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ جنگجو مغربی کنارے کے علاقے، ابو دیس میں ایک دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی لیبارٹری چلا رہے تھے اور اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

حالیہ مہینوں کے دوران، فلسطنیوں کی جانب سے چھریاں گھونپنے کی مہم، فائرنگ اور کار چڑھانے کے واقعات میں ایک امریکی شہری سمیت اب تک 19 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج اور مسلح شہریوں کے ہاتھوں 118 فلسطینی اس دوران قتل ہوئے۔ ان میں سے اکثر کو حکام حملہ آور قرار دیتے ہیں۔ بقیہ تمام اسرائیلی فورسز کے ساتھ ہونے والے تصادم میں ہلاک ہوئے۔