|
ویب ڈیسک — اسرائیل کی فوج کے اعلیٰ ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری کا حماس سے متعلق بیان موضوعِ بحث بنا ہوا ہے جس پر حکومت کی جانب سے بھی ردِعمل دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بدھ کو اسرائیل کے چینل 13 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ "حماس ایک نظریہ ہے، ہم نظریے کو ختم نہیں کر سکتے۔"
انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ ہم حماس کو ختم کرنے جا رہے ہیں لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔ اگر ہم کوئی متبادل فراہم نہیں کریں گے تو حماس موجود رہے گی۔
فوج کے اعلیٰ ترجمان کے اس بیان پر ردِ عمل بھی آیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر نے اس بیان کو فوری طور پر مسترد کردیا ہے۔
نیتن یاہو کی کابینہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں کارروائیاں اس وقت تک ختم نہیں ہوں گی جب تک حماس کو شکست نہیں دی جاتی۔
SEE ALSO: اگر جنگ شروع ہوئی تو اسرائیل میں کوئی جگہ محفوظ نہیں رہے گی؛ حزب اللہ کی دھمکیاسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بن یامین نیتن یاہو کی سربراہی میں سیاسی اور سیکیورٹی کابینہ نے واضح کیا ہے کہ جنگ کا ایک مقصد حماس کی عسکریت اور حکومتی صلاحیتوں کو تباہ کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ "آئی ڈی ایف (اسرائیلی ڈیفنس فورسز) یقیناً اس کے لیے پُر عزم ہے۔"
دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر ایک الگ بیان میں واضح کیا کہ ڈینیئل ہگاری نے حماس کو ایک "نظریے کے طور پر بیان کیا اور ان کے بیانات واضح تھے۔"
SEE ALSO: غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جنگی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزی ہیں، اقوام متحدہ
فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی دوسرا دعویٰ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر رہا ہے۔
اسرائیل حماس جنگ کا آغاز سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر کیے گئے حملے سے ہوا تھا جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق لگ بھگ 1200 افراد مارے گئے تھے جب کہ 250 کے قریب افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ ان یرغمالوں میں سے 116 کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اب بھی غزہ میں ہیں جب کہ فوج کا کہنا ہے 41 یرغمالی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس حملے کے بعد اسرائیل نے حماس کو ختم کرنے کا عزم لیے جوابی حملے شروع کیے اور آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کے مطابق 37 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔