'پی ایس ایل' کی چھٹی ٹیم جہانگیر ترین کے بیٹے نے خرید لی

علی ترین بولی کا عمل مکمل ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے ہمراہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے حقوق علی ترین کے 'ملتان کنسورشیم' نے سات سال کے لیے حاصل کیے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چھٹی ٹیم کی فرنچائز تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے خرید لی ہے۔

ٹیم کی فروخت کے لیے بڈنگ جمعرات کو لاہور میں ہوئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹیم کی کم سے کم قیمتِ فروخت 52 لاکھ ڈالر رکھی گئی تھی۔

علی ترین نے ریزرو قیمت سے زائد بولی دے کر چھٹی ٹیم کے مالکانہ حقوق خرید لیے۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ انہوں نے کتنے میں ٹیم کے مالکانہ حقوق خریدے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے حقوق علی ترین کے 'ملتان کنسورشیم' نے سات سال کے لیے حاصل کیے ہیں۔

ٹیم کی خریداری کے بعد علی ترین نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'پی ایس ایل' کی چھٹی ٹیم جنوبی پنجاب کے لیے ایک تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ٹیم کا نام 'ملتان سلطانز' رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پھر سے 'پی ایس ایل' میں جنوبی پنجاب کی ٹیم شامل ہوگئی ہے جس کے لیے پورے جنوبی پنجاب سے ٹیلنٹ تلاش کریں گے۔

پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کو دوسری مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔ اِس سے قبل پی ایس ایل تھری میں جنوبی پنجاب کی ٹیم کو 'ملتان سلطانز' کا نام دیا گیا تھا جس کا معاہدہ فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ختم کردیا تھا۔

پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ اگر چھٹی ٹیم کے لیے کوئی نیا خریدار نہ بھی ملا تو کرکٹ بورڈ خود ہی ٹیم کو چلائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا انعقاد آئندہ برس فروری میں ہو گا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب متحدہ عرب امارت میں ہو گی، جب کہ دونوں سیمی فائنل اور فائنل میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔