جاپان میں آنے والے طاقتور سمندری طوفان کے جنوب مغربی جزیرے شکوکو سے ٹکرانے کے نتیجے میں کم ازکم ایک شخص لاپتہ جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
'کیوڈو' نیوز سروس کے مطابق سمندری طوفان، جسے 'ما- اون' کا نام دیا گیا ہے، کے نتیجے میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں سے جاپان کے 15 اضلاع میں کم از کم 47 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ضلع کوچی میں ایک 84 سالہ شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
شکوکو سے ٹکرانے کے بعد سمندری طوفان کی شدت میں کمی آئی ہے اور اس وقت وہ 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مشرق کی سمت بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی زد میں آنے والے جاپان کے بعض علاقوں میں تقریباً ایک میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سمندری طوفان ٹوکیو کے جنوب سے گزرے گا جس کے باعث رواں برس مارچ میں آنے والے زلزلے اور سونامی سے تباہ شدہ فوکو شیما جوہری بجلی گھر طوفان کی زد میں آنے سے محفوظ رہے گا۔
تاہم بجلی گھر کا انتظام سنبھالنے والی 'ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی' نے کہا ہے کہ اس کی جانب سے جوہری ری ایکٹرز کی متاثرہ عمارات کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔