چین میں سمندری طوفان کی آمد کے خطرے کے پیشِ نظر حکام حفاظتی اقدامات میں مصروف ہیں جبکہ مشرقی صوبے زی جیانگ سے دو لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیاہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کےمطابق 'میوفا' نامی سمندری طوفان 162 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہفتہ کی شام یا اتوار کی صبح شنگھائی کے نزدیکی مقامات سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
چین کے اہم معاشی مرکز قرار دیے جانےو الے شہر شنگھائی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طوفان کی شدت 2005ء میں آنےو الے سمندری طوفان 'مٹسا' سے مماثل ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ ڈیڑھ کروڑ ڈالرز سے زائد کا مالی نقصان ہوا تھا۔
طوفان کے نزدیک آنے کے باعث علاقے میں 100 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ چار ہزار سے زائد کشتیوں کو کھلے سمندر سے واپس بلا کر زی جیان اور فوجیان صوبوں کی بندرگاہوں پر لنگر انداز کردیا گیا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے باعث علاقے میں تیز رفتارریل سروس کے تعطل یا اس میں تاخیر کا اندیشہ ہے۔ طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر امدادی ادارے ہنگامی امدادی سامان کی تیاری اور خطرے کا شکار علاقوں سے آبادی کے انخلاء کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اس سے قبل 'میوفا' جمعہ کو جاپانی جزیرے اوکی ناوا سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں علاقے میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔