انٹرنیشنل باکس آفس پر آج کل کسی حسینہ یا ایکشن ہیرو کا راج نہیں بلکہ باکس آفس کے نئے حکمران ہیں ۔۔ لحیم شحیم۔۔۔دیوہیکل ۔۔ڈائنوسارز ۔۔
جی جناب۔۔طویل الجثہ ڈائنوسارز پربنی جراسک سیریز کی چوتھی فلم ’جراسک ورلڈ‘ نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ریلیز کے پہلے ہی ویک اینڈ پر511عشارہ آٹھ ملین ڈالرز کما کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
’جراسک سیریز‘ کی ابتدائی دو فلموں کے ڈائریکٹر اسٹیون اسپل برگ کی پروڈیوز اور کولن ٹریوورو کی ڈائریکٹ کردہ ’جراسک ورلڈ‘ برطانیہ،چین، روس، میکسیکو اور آسٹریلیا سمیت دنیا کے 66 ملکوں میں ریلیز کی گئی اور ہر جگہ ’کھڑکی توڑ‘ ثابت ہوئی۔
نارتھ امریکا میں فلم چار ہزار دو سو 73 اسکرینز پر ریلیز کی گئی جو یونیورسل کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلیز ہے۔
انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’باکس آفس‘ کے مطابق، کرس پریٹ اور برائس ڈیلس ہاورڈاسٹارر’جراسک ورلڈ‘ امریکی باکس آفس پر اوپننگ ویک اینڈ پر کروڑوں کا بزنس کرنے کے لحاظ سے دوسری بڑی فلم بن گئی ہے۔ پہلا نمبر 2012میں ریلیز ہونے والی ’دی ایونیجرز‘ کا ہے۔
جراسک ورلڈ کی باکس آفس پرریکارڈ ساز کامیابی پر فلمی پنڈت بھی حیران ہیں جن کی پیش گوئی تھی کہ فلم کروڑ، سوا کروڑ سے زیادہ کا بزنس نہیں کرسکے گی لیکن تمام تر اندازوں کے برعکس ’جراسک ورلڈ‘ نے سب سے زیادہ کمائی کے کئی ریکارڈ اپنے نام کرلئے۔