اپنے بیانات کی وجہ سے اکثر تنقید کی زد میں رہنے والی والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے بھارت کے مشہور جریدے 'فلم فیئر' کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب 'فلم فیئر' نے انہیں ان کی فلم 'تلائیوی' میں بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا۔
کنگنا رناوت نے اتوار کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوریز شیئر کیں جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ غیر اخلاقی، کرپٹ اور غیر منصفانہ نظام کی وجہ سے سن 2014 سے فلم فیئر ایوارڈز میں شرکت نہیں کر رہیں۔
ان کے بقول، فلم فیئر ایوارڈز میں شرکت کے بائیکاٹ کے باوجود ان کی جانب سے متعدد کالز موصول ہو رہی ہیں اور انہوں نے مجھے فلم تلائیوی میں اداکاری کے لیے نامزد بھی کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ "میں حیران ہوں کہ یہ اب بھی مجھے نامزد کر رہے ہیں۔ اس طرح کے غیر منصفانہ نظام کی حوصلہ افزائی کرنا میرے وقار، کام اور اخلاقیات کے خلاف ہے۔ اسی لیے میں نے فلم فیئر پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔"
کنگنا نے دعویٰ کیا کہ 2013 میں فلم فیئر نے انہیں صاف الفاظ میں کہا تھا کہ اگر وہ ایوارڈ زشو میں شرکت یا اسٹیج پر ڈانس نہیں کرتیں تو انہیں ایوارڈ نہیں ملے گا۔
اداکارہ نے کہا کہ 2013 میں ہی انہوں نے فلم فیئر کو کہا تھا کہ وہ ایسی کسی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی جو اخلاقیات کے خلاف ہوں گی۔
اس تنازع کے بعد کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کے ہی ذریعے بتایا کہ فلم فیئر نے بالآخر انہیں نامزد کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اب بھی فلم فیئر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔
کنگنا نے 'فلم فیئر' کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی ملاقات عدالت میں ہوگی۔
واضح رہے کہ اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم 'تلائیوی' سن 2021 میں سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔
بائیو گرافیکل ڈرامہ فلم 'تلائیوی' میں اداکارہ کنگنا نے بھارتی اداکارہ اور سیاست دان جیا للیتا کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کردار کے لیے کنگنا نے اپنا وزن 20 کلو گرام تک بڑھایا تھا۔