پاکستان سپر لیگ میں لگاتار تین میچوں میں شکست کے بعد کراچی کنگز نے مسلسل دوسری فتح اپنے نام کر لی، شاہد آفریدی کی دھواں دار نصف سنچری بھی کام نہ آئی اور کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 9 رنز سے زیر کرلیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے تیرہویں میچ کے آغاز پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور کپتان سنگاکارا نے 72 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
بابر اعظم 38 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، پشاور زلمی کو دوسری وکٹ کے لئے زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا۔ مجموعی اسکور میں صرف تین رنز کے اضافے کے بعد سنگاکارا بھی پویلین لوٹ گئے، کرس گیل اس بار بھی متاثر کن پرفارمنس نہ دکھا سکے اور صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔
شعیب ملک اور روی بوپارا نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز بنائے۔ اس موقع پر روی بوپارا تیز رفتار 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس دوران شعیب ملک نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 27گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کرلی۔
اس طرح، کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا لئے۔ شعیب ملک 51 اور پولارڈ 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی طرف سے افتخار احمد نے 2 جبکہ شکیب الحسن اور عمران خان جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کو 32 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ کامران اکمل 14 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر روی بوپارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، یہیں سے وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ مجموعی اسکور میں صرف 10 رنز کے اضافے پر مزید تین ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔ تمیم اقبال 16، افتخار احمد ایک اور ایون مورگن صرف تین رنز بناسکے۔صہیب مقصود 5رنز بناکر عثمان خان کا شکار بنے۔ 58رنز پر پشاور زلمی کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
شکیب الحسن 18 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، شاہد آفریدی اور کپتان ڈیرن سیمی نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں دھواں دار 70 رنز بنا کر میچ میں دلچسپی پیدا کردی۔ لیکن، جب مجموعی اسکور 139 رنز پر پہنچا تو سیمی سہیل خان کی گیند پر کرس گیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، سیمی نے 26 گیندوں پر 34 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔
شاہد آفریدی نے 'بوم بوم اسٹائل' میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 28 گیندوں پر پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یوں، پشاور زلمی 19 اعشارہ 5 اوورز میں 165 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور کراچی کنگز نے میچ 9 رنز نے اپنے نام کر لیا۔
کراچی کنگز کے شعیب ملک کو بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس لے کر دوسرے اور پشاور زلمی 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر ہے جبکہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے چار، چار پوائنٹس ہیں۔
پیر کو صرف ایک ہی میچ کھیلا جائے گا، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔