کراچی: ٹرین حادثے میں ایک ہلاک، 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

فائل

مسافر ٹرین کراچی سے لاہور کی جانب رواں دواں تھی کہ رن پٹھانی کے مقام پر موجود موڑ پر ایک مال گاڑی کھڑی تھی کہ ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ ریل میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے

کراچی: کراچی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین کو رن پٹھانی کے مقام پر حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کراچی کی حدود سے نکل کر جیسے ہی مسافر ریل گاڑی رن پٹھانی کے مقام پر پہنچی ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے باعث، حادثے کا شکار ہوگئی۔

ریلوے حکام کے مطابق، حادثہ کراچی سے لاہور جانےوالی ٹرین اور مال گاڑی دونوں ایک ہی ٹریک پر ہونے کے باعث پیش آیا ہے۔ حادثے میں مال گاڑی کی 5 بوگیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

سپرٹنڈنٹ پولیس ریلوے، روبن یامین نے وی او اے سے گفتگو میں بتایا کہ ’ایک مسافر ٹرین کراچی سے لاہور کی جانب رواں دواں تھی کہ رن پٹھانی کے مقام پر موجود موڑ پر کھڑی ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جسکے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ ریل میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔ مسافر ٹرین کی 5 بوگیاں پٹری سے نیچے اتر گئیں‘۔

ایس پی پولیس کے مطابق، ریل کے حادثے میں ہلاک ہونےوالا شخص اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور تھا، جبکہ زخمی ہونےوالا شخص بھی ریلوے ہی کا ملازم تھا۔

دوسری جانب، حادثے کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

مسافر ریل کو ہیش آنےوالے حادثے کے بعد، اندرون ملک شہروں کیلئے روانہ ہونے والی ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے، جسکے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد، تمام ٹرین سروسز کو بحال کردیا جائےگا۔