کراچی میں سوک سینٹر کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے جس کے بعد جمعہ کو شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوگئی۔ ادھر پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کے چار مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پولیس کے مطابق جمعہ کی شب تقریباً نو بجے کراچی کے مصروف علاقے سوک سینٹر میں واقع عزیز بھٹی تھانے کے سامنے نامعلوم مسلح موٹر سا ئیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی اور شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔
کراچی میں جمعہ کی صبح سے شہر کے مختلف علاقوں سے پرتشدد واقعات کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں ۔ پولیس کے مطابق کورنگی نمبر چھ ، پی آئی بی کالونی ، میٹروول فرنٹیئر کالونی ، گارڈن اور رام سوامی میں مسلح افراد کے ہاتھوں مجموعی طور پر سات افراد قتل ہوئے جبکہ دھوبی گھاٹ سے ایک تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ۔
ادھر پولیس نے میٹروول سائٹ ایریا سے کالعدم تحریک طالبان کے چار دہشت گردوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے ۔ ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن خرم وارث کے مطابق ملزمان کے خلاف اغوا برائے تاوان اور بھتہ وصولی کے ایک درجن سے زاہد واقعات درج ہیں ۔ ملزمان نے چار افراد کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے ۔
دوسری جانب اولڈ ستی ایریاز لیاری اور کھارادر سے بھی چار ٹارگٹ کلرز گرفتار کیے گئے ہیں جن سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزمان بیس سے زاہد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کا تعلق سیاسی اور کالعدم تنظیموں سے ہے ۔